شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ آج (بدھ کو )ہوگا، شیخ رشید

اسلام آباد( ویب نیوز)وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزیٹ کنڑول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ آج بدھ کوہو گا۔اپنے بیان میں انہوں نے بتایا ہے کہ شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے نیب کی درخواست ملی ہے،اس معاملے پر  بدھ کو وزارت داخلہ اور وزارت قانون کا اجلاس طلب کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں جو بھی فیصلہ ہوگا اسے فوری طور پر کابینہ میں بھیجا جائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ وزارت قانون اور وزارت داخلہ کے فیصلے کی کابینہ منظوری دیتی ہے، ہم کابینہ کی منظوری سے ای سی ایل میں نام ڈالتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ‘کیس کی قانونی حیثیت کے بارے میں مجھے معلومات نہیں ہیں لیکن نیب کی درخواست ملی ہے اس پر بدھ کو اجلاس بلائیں گے اور شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے یا کرنے کا فیصلہ کرکے کابینہ کو بھیجوا دیا جائے گا’۔اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔نیب نے شہباز شریف کی ضمانت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔نیب لاہور کی جانب سے منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم شہباز شریف اور دیگر تمام شریک ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا سفارش کی گئی تھی۔نیب لاہور کی جانب سے 28 اپریل 2021 کو خط نیب ہیڈ کوارٹرز کو ارسال کیا گیا تھا۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی منظوری کے بعد نیب ہیڈکوارٹر نے خط وزارت داخلہ کو ارسال کیا،واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 22 اپریل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرکے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔  ہائی کورٹ نے شہباز شریف کو علاج کے لیے ایک بار بیرون ملک سفر کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔تاہم براستہ قطر، لندن روانگی کے لیے ایئرپوٹ پہنچنے پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے انہیں بتایا کہ چونکہ ان کا نام پروویژنل نیشلن آئڈینٹی فکیشن لسٹ(پی این آئی ایل) میں ہے اس لیے وہ پرواز پر سوار نہیں ہوسکتے۔