Automatic robot arm with optical sensor working in mobile phone factory

لاہور (ویب ڈیسک)

پاکستان موبائل فون مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے ڈپٹی وائس چیئرمین سردار خان نے کہا ہے کہ اینڈرائیڈ موبائل سمیت دیگر پر تعیش مصنوعات کے درآمدی بل میں اضافہ تشویش کا باعث ہے ، کھلاڑی اور شوبز سمیت مختلف شعبو ں سے وابستہ نامور شخصیات ”میڈ ان پاکستان ”کو ترجیح اور اس کی تشہیر بھی کریں کیونکہ پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک اربوں ڈالرز باہر بھجوانے کا ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں بطور قوم اپنی معیشت کو سنبھالا دینے کی کوشش کرنی چاہیے اور اس میں نوجوان نسل کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے ، حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ” میڈ ان پاکستان ” پالیسی کا اعلان کرے اوراس کی ترویج کے لئے کھلاڑیوں اور شوبز سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات کی مدد حاصل کی جائے ۔ سردار خان نے کہا کہ پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 18کروڑ 32لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ان میں زیادہ تر وہ لوگ ہیں اینڈرائیڈ موبائل استعمال کرتے ہیں ، حکومت کو چاہیے کہ مقامی موبائل مینو فیکچررز کی سرپرستی کرے اور خصوصاً ٹیکنالوجی کے حصول میں مختلف ممالک سے جوائنٹ ونچر کے معاہدے کئے جائیں ۔ سردار خان نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں موبائل فون مینو فیکچررز کیلئے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں ریلیف دیا جائے تاکہ اس شعبے میں مزید سرکاری ہو سکے ۔