انقرہ (ویب ڈیسک)

ترک صدر رجب طیب اردوان نے روس کے ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کے دوران کہا ہے کہ عالمی برادری کو مل کر اسرائیل کو سبق سکھانا چاہیے۔ترک میڈیا کے مطابق دونوں رہنماں کے درمیان بات چیت میں فلسطین کی تازہ صورت حال اور سپوتنک v ویکسین کی ترکی کو فراہمی کا موضوع زیر بحث لایا گیا ۔ترک صدر نے اسرائیل کی جانب سے القدس،غزہ،مسجد الاقصی اور فلسطینیوں کے خلاف حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اس سلسلے میں اسرائیل کی سر زنش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ روسی امور خارجہ نے فلسطین کے حوالے سے اقوام متحدہ کے دو ریاستی حل پر مبنی جو بیان دیا ہے وہ اہم ہے جبکہ ترکی اور روس القدس کے معاملے میں ہم فکر بھی ہیں۔اردوان نے مزید کہا کہ اس بحران کی شدت کو روکنے کے لیے سلامتی کونسل کو فوری مداخلت کرنی چاہیئے، فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لیے علاقے میں عالمی امن فون کی تعیناتی قابل غور ہو سکتی ہے جس میں ترکی اور روس قریبی تعاون کر سکتے ہیں۔