لندن (ویب ڈیسک)

مظلوم فلسطینیوں پر کی جانے والی وحشیانہ بمباری اور ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف برطانوی عوام کی کامیاب دستخطی مہم جاری ہے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر اسرائیل پہ پابندیاں لگانے کے لیے پٹیشن پر ڈھائی لاکھ سے زائد افراد نے دستخط کردیئے۔برطانوی قواعد و ضوابط کے تحت اب پٹیشن کے پارلیمنٹ میں بحث کے لیے پیش ہونے کا امکان ہے کیونکہ جس پٹیشن پر ایک لاکھ افراد کے دستخط ہوں وہ پارلیمنٹ میں پیش کی جا سکتی ہے۔پٹیشن برطانوی عوام کی جانب سے پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر اسرائیل پہ پابندیاں عائد کرنے کیلئے دائر کی گئی جس پر اب تک ڈھائی لاکھ سے زیادہ افراد دستخط کرچکے ہیں۔ دائرکردہ پٹیشن اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے بعد وائرل ہوگئی ۔ دائر کردہ پٹیشن میں اسرائیل پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔پٹیشن کے متن میں کہا گیا کہ اسرائیل کو اسلحے کی فروخت پر بھی پابندی لگائی جائے۔اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی وحشیانہ بمباری اور ڈھائے جانے والے مظالم کے نتیجے میں اب تک 181 فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار کے قریب ہو گئی۔ اسرائیلی افواج تسلسل کے ساتھ آبادیوں پر بمباری کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 725 گھر، 76 نجی رہائشی عمارات اور 63 سرکاری عمارات تباہ ہو چکی ہیں۔