واشنگٹن (ویب ڈیسک)

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ان کی انتظامیہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے ساتھ کام کر رہی ہے جس کا مقصد امن کی مستقل بحالی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ایک وڈیو پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ” ہمارے نزدیک فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کو یہ استحقاق حاصل ہے کہ وہ امن و سلامتی سے ایک ساتھ رہیں اور انہیں آزادی، راحت اور جمہوریت کا مساوی درجہ حاصل ہو”۔بائیڈن کے مطابق ان کی انتظامیہ فلسطینیوں ، اسرائیلیوں اور خطے میں دیگر فریقوں کو امن کی مستقل بحالی کے واسطے کام کرنے کی طرف لائے گی۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے ہفتے کے روز فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔ وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بائیڈن نے محمود عباس کو یقین دلایا کہ وہ فلسطینیوں کے امن ، آزادی اور عزت نفس کے ساتھ زندگی گزارنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ساتھ ہی اسرائیل کے خود کے دفاع کے حق کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔امریکی صدر نے بات چیت میں زور دیا کہ وہ اس تنازع کے بہترین مستقل حل کے طور پر دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔ واشنگٹن نے امریکی وزارت خارجہ میں اسرائیلی فلسطینی امور کے ذمے دار ہادی عمرو کو فلسطینی اراضی بھیجا۔ وہ بیت المقدس میں اسرائیلی قیادت اور مغربی کنارے میں فلسطینی ذمے داران کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ یہ اقدام امریکا کی جانب سے اسرائیلی اور فلسطینی فریقوں کے بیچ فائر بندی کے لیے حالات سازگار بنانے اور امن بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے.