واشنگٹن (ویب ڈیسک)

امریکی مسلم تنظیموں نے اسرائیل کی حمایت کرنے پر وائٹ ہائوس کی عید ملن کا بائیکاٹ کردیا۔الجزیرہ اور وائس آف امریکا کے مطابق معروف اور بڑی مسلم انجمنوں نے وائٹ ہائوس کی عید ملن کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ضمیر انہیں اس عید ملن میں شرکت کی اجازت نہیں دیتا کیونکہ اسرائیل غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے اور امریکا اسرائیل کی نہ صرف مدد کررہا ہے کہ بلکہ اس کی بمباری کو درست بھی قرار دے رہا ہے۔وائٹ ہائوس میں ہر سال مسلمانوں کو عید ملن دی جاتی ہے اور اس سال صدر جوبائیڈن کی طرف سے کورونا کے باعث آن لائن عید ملن کی تقریب ہوئی جس میں مسلم تنظیموں کی نمائندوں نے شرکت نہیں کی۔مسلم انجمنوں کا کہنا ہے کہ امریکی حکومت نے حالیہ بیانات میں اسرائیل کی مکمل حمایت کی ہے اور اسے بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار قرار نہیں دیا۔ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر نہاد عواد نے کہا کہ ہم بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ عید نہیں مناسکتے جو معصوم بچوں، خواتین اور مردوں پر اسرائیلی بمباری کی حمایت کررہی ہے، صدر جوبائیڈن کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ اس ناانصافی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔امریکن مسلم فار فلسطین نے بھی عید ملن میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی اس بے حسی کا سخت جواب دینا ضروری ہے، ہم وائٹ ہاس کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ فلسطینیوں کی قیمت پر سیاسی مقاصد کے لیے ہماری عید کا استحصال اور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔