ملتان  (ویب ڈیسک)

ملتان میں 6ارب روپے کی لاگت سے جاری مختلف ترقیاتی پروگرام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گئے اور 1193ترقیاتی منصوبوںمیں سے بیشتر سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرزرانااخلاق احمد خان، میٹرو پولیٹن کارپوریشن،واسا،بلڈنگز، ہائی وے،میپکو،سوئی گیس اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عرفان انجم نے منصوبوں بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سوشل ایکشن پروگرام ٹو کے تحت تمام منصوبے10جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا سیپ ٹو کے تحت108منصوبے شروع کئے گئے تھے جن میں سے 84ترقیاتی منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ22منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے واسا کے8اور لوکل گورنمنٹ کے7 منصوبے زیر تکمیل ہیں،ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ واسا منصوبوں کی تکمیل کا کام تیز کرے۔منصوبے بروقت مکمل نہ ہوئے تو موسم گرما میں سیوریج بارے شہریوں کی شکایات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ واسا اور لوکل گورنمنٹ کو تمام مطلوبہ فنڈز ٹرانسفر کردئیے گئے ہیں۔علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میپکو کے تحت45 منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ سوئی گیس سے متعلق تمام منصوبے ایس این جی پی ایل کی سٹیرنگ کمیٹی کو ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن شہر کی 35 یونین کونسلوں میں4 ہزار سے زائد سٹریٹ لائٹس لگائے گی۔اس منصوبے پر2 کروڑ66 لاگت آئے گی۔