imran khan

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سمندر پارپاکستانیوں نے مالی سال 2021 کے پہلے 10 ماہ کے دوران 24.2 ارب ڈالربھجوا کرپورے مالی سال 20 20کا ریکارڈ توڑدیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرکہا کہ میرا ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ سمندرپارپاکستانی ہمارا عظیم ترین اثاثہ ہیں۔ اپریل میں آپکی ترسیلاتِ زرتاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچتے ہوئے 2.8 ارب ڈالررہیں۔مالی سال21 کے پہلے 10 ماہ کے دوران 24.2 ارب ڈالربھجوا کرآپ نے پورے مالی سال 20 کا ریکارڈ توڑ دیا۔ نئے پاکستان پر اعتماد پرآپ کا شکریہ۔

ماہ اپریل 2021میں بیرون ممالک کام کرکنے والے کارکنوں کی ترسیلات بڑھ کراب تک کی بلند ترین ماہانہ سطح 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو کہ گذشتہ سال اسی مہینے آنے والی رقوم سے  56 فیصد زائد ہے۔ مجموعی بنیاد پر ترسیلات نے سابقہ ریکارڈز بھی عبور کر لیے ہیں۔ جولائی تا اپریل مالی سال 21ء   میں  24.2 ارب ڈالر کی ترسیلات آئیں جو گذشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 29 فیصد زائد ہیں اور وہ پورے مالی سال 20ء کی ترسیلات سے ایک ارب ڈالر سے زائد رقم کے ساتھ پہلے ہی آگے بڑھ چکی ہیں۔جولائی تا اپریل مالی سال 21ء   کے دوران زیادہ رقوم سعودی عرب (6.4 ارب ڈالر)، متحدہ عرب امارات (5.1 ارب ڈالر)، برطانیہ (3.3 ارب ڈالر) اور امریکہ (2.2 ارب ڈالر) سے آئیں۔اِس سال کارکنوں کی ترسیلاتِ زر ریکارڈ سطح پر  لانے میں جو عوامل مددگار رہے ہیں ان میں باضابطہ ذرائع سے رقوم کی زائد آمد کی حوصلہ افزائی کی خاطر حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کورونا کی وبا کے باعث سرحد پار سفر کا محدود ہونا، وبا کے دوران بہبودی رقوم کی پاکستان کو منتقلی، بازارِ مبادلہ میں استحکام کی صورتِ حال اور حال میں عید سے متعلق رقوم کی آمد شامل ہیں۔