جہانگیر ترین کو اب مختلف ہتھکنڈے اپنانے کی ضرورت نہیں، عمران خان دبائو میں نہیں آئیں گے، شاہ محمود قریشی
عمران خان نے کہہ دیا ہے کہ کوئی انتقامی کارروائی نہیںہوگی انصا ف ہوگا
جہانگیر ترین عمران خان کو اپنا قائد مانتے ہیں تو اعتماد کریں
قبلہ اول پر ہونے والے حملے پر ہر مسلمانو ں کو تشویش ہے۔وزیر خارجہ کا انٹرویو
انقرہ(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہہ دیا ہے کہ کوئی انتقامی کارروائی نہیںہوگی انصا ف ہوگا لہذا جہانگیر ترین کو اب مختلف ہتھکنڈے اپنانے کی ضرورت نہیں اس سے عمران خان دبائو میں نہیں آئیں گے، جہانگیر ترین عمران خان کو اپنا قائد مانتے ہیں تو اعتماد کریں۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں ٹیلی فون کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے ایک سوال پر وزیر خارجہ نے کہاکہ میں جہانگیر ترین کو اپنا سیاسی حریف نہیںسمجھتا جہانگیر ترین اور میرا نہ حلقہ ایک ہے نہ ضلع ایک ہے اور نہ ہی وہ اس وقت عملی سیاست میں ہیں۔ جب میں حج پر روانہ ہورہا تھا تو میں نے ایمانداری سے انہیں گلے لگایا اور ماضی کی تلخیوں کو بھلا دیا میری ایماندارانہ خواہش ہے کہ آئندہ کوئی تلخی نہ رہے۔عمران خان نے ملاقات کرکے انہیں تسلی بھی دی ہے کہ کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی اور انصاف ہوگا تو پھر اس قسم کے اجتماعات بے معنی ہیں وہ عمران خان کے مزاج کو مجھ سے بہتر جانتے ہیں وہ مجھ سے زیادہ قریب رہے ہیں جب وہ اس قسم کے دائو استعمال کریں گے تو اس سے عمران خان دبائو میں نہیں آئیں گے عمران خان بلیک میلنگ میں کبھی نہیں آئیں گے کہ وہ منطق کی بات مانیں گے، ان کو قائل تو کیا جاسکتا ہے مگردھمکایا نہیں جاسکتا۔ میری سب ممبران سے مودبانہ گزارش ہے کہ بہت سی باتیں تو کہی جاسکتی ہیں مگر انداز درست کیجئے۔ اس طرح کے انداز کو تحریک انصاف کا ووٹر پسند نہیںکرتا ہے اس وقت عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے کا وقت ہے دبائو میںڈالنے کا نہیں۔ عمران خان نے کہاکہ میں نا انصافی نہیں ہونے دوں گا علی ظفر عمران خان کی تجویز نہیں ہیں بلکہ جہانگیر ترین کی چوائس ہیں جس پر عمران خان نے علی ظفر کو نامزد کیا ہے کہ وہ سب کچھ دیکھیں اور پھر رپورٹ پیش کریں جب عمران خان نے جہانگیر ترین کی پسندیدہ شخصیت کو انکوائری کیلئے تعینات کیا ہے تو پھر انہیں اعتماد کرنا چاہیے جہانگیر ترین عمران خان کو اپنا قائد مانتے ہیں تو اعتماد کریں جہانگیر ترین کو اب مختلف ہتھکنڈے اپنانے کی ضرورت نہیں جو ہتھکنڈے اپنائے جارہے ہیں عمران خان دبائو میں نہیں آئیں گے۔ مجھے امید ہے کہ عمران خان انہیں مایوس نہیں کریں گے میں عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا معترف ہوں انہوں نے کبھی خوف سے فیصلہ نہیں کیا انہوں نے ہمیشہ ملک کی بہتری کیلئے فیصلہ کیا ہے لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں اوران کا ساتھ نبھائیں گے