موروثی سیاست نے جے یو آئی جیسی نظریاتی پارٹی کو بند گلی میں پہنچادیاہے : حافظ حسین احمد

جے یو آئی کے انٹراپارٹی انتخابات میں خیانت اور دھاندلی کے ذریعہ اپنے خاندان کو آگے لانے کی کوششوں کیخلاف مذاحمت کا آغاز ہوچکاہے

پورے ملک میں غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے احتجاج اور دھرنا کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے لیکن اپنی اپنی جماعتوں کے انٹراپارٹی منصفانہ انتخابات کی کسی کو توفیق نہیں ہوتی

قلات اور مستونگ کے ضمنی انتخابات اس لیے ابھی تک منعقد نہ ہوسکے کیوں کہ کچھ مرکزی رہنما قبل از مرگ وارثوں کو تخت نشین دیکھنا چاہتے ہیں: میڈیاسے گفتگو

 قلات/مستونگ /کوئٹہ (ویب نیوز )جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی موروثی سیاست نے جے یو آئی جیسی نظریاتی پارٹی کو بھی بند گلی میں پہنچا دیا ہے جبکہ جے یو آئی کے انٹراپارٹی انتخابات میں خیانت اور دھاندلی کے ذریعہ اپنے خاندان کو آگے لانے کی کوششوں کیخلاف مذاحمت کا آغاز ہوچکاہے۔ وہ جمعیت علماء اسلام پاکستان رہنما سید عبداللطیف شاہ، سید عبدالرحمن شاہ اور شہزادہ محی الدین بلوچ کی وفات پر ان کے ورثہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے احتجاج اور دھرنا کا ڈرامہ رچایا جارہا ہے لیکن اپنی اپنی جماعتوں کے انٹراپارٹی منصفانہ انتخابات کی کسی کو توفیق نہیں ہوتی، حافظ حسین احمد نے کہا کہ قلات اور مستونگ کے ضمنی انتخابات اس لیے ابھی تک منعقد نہ ہوسکے کیوں کہ کچھ مرکزی رہنما قبل از مرگ وارثوں کو تخت نشین دیکھنا چاہتے ہیں اس لیے مرکزی چراغ تلے رسیدہ اندھیرا ہے۔