آن لائن کار سروس کریم کے شریک بانی مدثر شیخا کی جانب سے لمز یونیورسٹی میں اسکالرشپس کے لئے 2 ملین ڈالر کا عطیہ

لاہور، (ویب نیوز )

لمز یونیورسٹی نے سید بابر علی اسکول آف سائنس اینڈ انجینئرنگ (ایس بی اے ایس ایس ای) میں انڈرگریجویٹ اسکالرز کے لئے "سیکھا اسکالرشپ” قائم کرنے کے لئے معروف آن لائن کار سروس کریم (Careem) کے سی ای او اور شریک بانی مدثر شیخا سے 2 ملین ڈالر کا عطیہ وصول کرلیا ہے۔

لمز کے بانی پروچانسلر سید بابر علی نے کہا، "معاشرے میں مثبت اثرات پیدا کرنے کی ہماری صلاحیت پر مدثر شیخا کے اعتماد پر ہمیں فخر ہے اور ہم ان کے تعاون کے مشکور ہیں۔”

لمز کا ایس بی اے ایس ایس ای بایولوجی، کیمسٹری اور کیمیکل انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، الیکٹریکل انجینئرنگ، میتھ میٹکس اور فزکس میں عالمی معیار کے انڈر گریجویٹ پروگرامز پیش کرتا ہے۔ اس اسکول کی انتہائی قابل فیکلٹی ایس بی اے ایس ایس ای اور دیگر اسکولوں میں آزادانہ فلسفے، مختلف شعبوں کے درمیان اشتراک کی حوصلہ افزائی کے ساتھ نمایاں کارکردگی میں پیش پیش رہی ہے۔

لمز کے ریکٹر شاہد حسین نے کہا، "خصوصی فیکلٹی کی رہنمائی اور بہترین سہولیات کے ساتھ طالب علموں کیلئے میرٹ اسکالرشپ کے قیام پر ہم مدثر شیخا کے انتہائی مشکور ہیں۔ اس طرح کا تعاون ہمیں درست سمت میں آگے بڑھاتا ہے۔”

یہ اسکالرشپ سائنس اور انجینئرنگ کے انڈرگریجویٹ طالب علموں کو میرٹ کی بنیاد پر فیس معافی کے ذریعے مالی تعاون فراہم کرے گی اور تعلیم میں بہترین کارکردگی کی حوصلہ افزائی کرے گی۔