کاروباری اوقات کو رات دس بجے تک بڑھایا جائے۔ سردار یاسر الیاس خان
ریستوران کو رات 12بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے۔ فاطمہ عظیم

اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں و بازاروں میں کاروباری اوقات کو رات 8 بجے سے بڑھا کر رات 10 بجے تک کیا جائے اور ہوٹولوں و ریسٹورنٹس کو بھی اوقات میں اضافہ کر کے انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائیننگ کی اجازت دی جائے تاکہ کاروباری سرگرمیاں آسانی سے فروغ پائیں جس سے معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے جس سے کرونا کیسوں کی اوسط شرح کم ہو کر 5.9فیصد تک آ گئی ہے جو حوصلہ افزاء ہے لہذا یہ ضروری ہو گیا ہے کہ حکومت کاروباری اوقات میں اضافہ کرے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں، گاہکوں کو خریداری کے لئے مزید وقت ملے اور مارکیٹوں و بازاروں کو رش سے بھی بچا یاجاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر کے شاپنگ مالز کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کر رہے ہیں کیونکہ بغیر ماسک کسی کو داخل نہیں ہونے دیا جاتا لہذا حکومت انہیں ہفتے میں 7 دن نارمل اوقات کے ساتھ کاروبار کرنے کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سینما گھروں کو سیٹوں کے درمیان سماجی فاصلہ رکھ کر کھولا گیا ہے اور پاکستان میں بھی سماجی فاصلے اور60 سے 70 فیصد کپیسٹی کے ساتھ سینماؤں کو کھولنے کی اجازت دی جائے کیونکہ یہ کاروبار گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے بند پڑے ہیں جس وجہ سے اب ان کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کرونا کو روکنے کیلئے کہ کاروبار پر پابندیاں عائد کی گئی لیکن پابندیوں کے باعث پاکستان کی معیشت کو 2020 تقریبا ڈھائی کھرب روپے نقصان ہو ا ہے جبکہ اس سال مزید ایک کھرب روپے سے زائد کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے اس کے علاوہ تقریبا ایک کروڑ 80لاکھ لوگوں کا روزگار متاثر ہوا ہے لہذا اب وقت آگیا ہے کہ حکومت کاروبار کو مزید نقصانات سے بچانے، لوگوں کو بے روزگار ہونے اور معیشت کو مزید کمزور ہونے سے بچانے کے لئے کاروبار پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے۔
دریں اثنا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم نے ریسٹورینٹس ایسوسی ایشن کے ایک وفد کے ہمراہ این سی او سی حکام سے ملاقات کی اور اس بات پر زور دیا کہ ہوٹلوں اور ریستورانوں کو انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کے ساتھ رات 12بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی اور یورپ میں بیشتر ریستورانوں کو ٹیبلوں کے درمیان سماجی فاصلے کے ساتھ انڈور اور آوٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہے جبکہ پاکستان میں بھی ریسٹورینٹ ایسوسی ایشنز اور شاپنگ مالز یہ بندوبست کرنے کو تیار ہیں لہذا ان کو بھی رات 12 بجے کھلا رہنے کی اجازت دی جائے۔