اسلام آباد اور چکوال چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری کا حکومت سے آئندہ بجٹ میں تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد ( )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی سی سی آئی) نے کہا کہ حکومت نے کرونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن اور پابندیاں عائد کیں جس سے کاروبارطبقے کو بھاری نقصان ہوا ہے لہذا انہوں نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تاجر برادری کیلئے ریلیف اقدامات کا اعلان کرے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے میں سہولت ہو جس سے معیشت کی حالت بھی بہتر ہو گی۔یہ مطالبہ اسلام آباد چیمبر اور چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک مشترکہ اجلاس میں کیا گیا جب چکوال چیمبر کے ایک وفد نے صدر حاجی نور سلطان کی سربراہی میں آئی سی سی آئی کا دورہ کیا۔ چکوال چیمبر کے گروپ لیڈر قاضی اکبر، خرم کامران، شہزاد سعادت، معین اکرم، شوکت رفیق، اعجاز منہاس، امیر نجیب بھٹہ اور حاجی عبدالرزاق وفد میں شامل تھے۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر اور یو بی جی کے نومنتخب سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قائم مقام صدر فاطمہ عظیم نے کہا کہ حکومت نے 24 مئی 2021 سے ریستوران اور سیاحتی مقامات کھولنے کا اعلان کیا ہے جو ایک خوش آئند فیصلہ ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ چونکہ اب زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے اور کورونا وائرس کے کیسوں میں بھی کمی کا رجحان نظر آرہا ہے لہذا حکومت بتدریج تمام کاروباروں پر سے پابندیاں ختم کرے اور کاروباری اوقات کو رات 10 بجے تک بڑھا ئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی کاروباری برادری کے اہم مسائل کو حل کرانے کی کوششوں میں چکوال چیمبر آف کامرس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی نور سلطان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی پابندیوں نے چکوال میں کاروباروں کو بہت متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے کاروباری افراد شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ لہذا یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکسوں اور شرح سود میں کمی کرے، کاروباری افراد کو آسان اقساط میں ٹیکس، قرضے، دکانوں کا کرایہ اور یوٹیلٹی بل ادا کرنے کی سہولت فراہم کرے اور ایس ایم ایز کو سستے قرضے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری طبقے کیلئے دیگر مراعات کا اعلان کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
دونوں چیمبرز نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت خطے میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے کیونکہ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے اس کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے مفادات کو فروغ دینے اور ان کے چیدہ چیدہ مسائل کو حل کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری اور سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سے تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔