زبیر طفیل کو یو بی جی کا صدر اور ظفر بختاوری کو سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ سردار یاسر الیاس خان
یو بی جی کے پلیٹ فارم سے تاجر برادری کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ زبیر طفیل، ظفر بختاوری

اسلام آباد (ویب نیوز  ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ایک وفد کے ہمراہ ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیر طفیل اور آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری سے ملاقات کی اور ان کو بالترتیب یونائیٹڈ بزنس گروپ کا صدر اور سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں تاجر رہنما اپنی نئی ذمہ داریوں کو پورے ملک کی تاجر برادری کے مفادات کے بہتر تحفظ اور ان کے مسائل حل کرانے کیلئے موثر انداز میں استعمال کریں گے۔ عبد الرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی، محمد شاکر، اویس خٹک، حافظ بلال منیر ایگزیکٹو ممبرز آئی سی سی آئی، محمد اعجاز عباسی اور عاطف اکرام شیخ سابق صدور آئی سی سی آئی، ملک سہیل حسین اور خالد چوہدری سابق سینئر نائب صدور آئی سی سی آئی اور دیگر وفد میں شامل تھے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ چیمبر کے سابق صدرظفر بختاوری کا بطور سیکرٹری جنرل یو بی جی منتخب ہونا آئی سی سی آئی اور اس کے ممبروں کے لئے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظفر بختاوری پہلے بھی بطور سابق صدر آئی سی سی آئی اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی تاجر برادری کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے چکے ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ بطور سیکریٹری جنرل یو بی جی وہ بزنس کمیونٹی کے اہم مسائل کو حل کرانے کے لئے مزید موثر کردار ادا کریں گے اور ان کے کاروباری مفادات کو بہتر فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل کی خدمات کو بھی سراہا اور اس امید ظاہر کا اظہار کیا کہ بطور صدر یو بی جی وہ بزنس کمیونٹی کی بہتری کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ تیار کر رہی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ملک کے اہم چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آئندہ وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دے۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومت کو اپنی بجٹ تجاویز بھیج چکے ہیں لہذا ان کو بجٹ میں شامل کیا جائے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت مستحکم ہو گی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یو بی جی کے نومنتخب صدر زبیر طفیل اور سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے سردار یاسر الیاس خان صدر آئی سی سی آئی اور ان کے وفد کے تمام ممبران کا مبارکباد پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یو بی جی کے پلیٹ فارم سے تاجروصنعتکار برادری کی فلاح وبہبود کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور چیئرمین افتخار علی ملک کی زیر قیادت یونائیٹڈ بزنس گروپ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تا کہ پورے ملک کی تاجر برادری کے مفادات کا بہتر تحفظ کیا جائے اور ان کے چیدہ چیدہ مسائل کو حل کرانے کی کوشش کی جائے۔
عبد الرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی، محمد شاکر، عمیس خٹک، حافظ بلال منیر، محمد اعجاز عباسی، عاطف اکرام شیخ، ملک سہیل حسین اور خالد چوہدری سمیت دیگر نے بھی زبیر طفیل اور ظفر بختاوری کو انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔