نوازشریف کی قیادت میں معاشی رفتار جاری رہتی تو پاکستان معاشی دھماکہ بھی کرچکا ہوتا
قائدحزب اختلاف کی یوم تکبیر کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے یوم تکبیر کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت ہمارا قابل اعتماد ڈیٹیرنٹ ہے۔ ساتویں عالمی جوہری قوت بننے کے بعد میاں محمد نوازشریف نے ملک کو معاشی قوت بنانے کا سفر شروع کیا۔ نوازشریف کی قیادت میں معاشی رفتار جاری رہتی تو پاکستان معاشی دھماکہ بھی کرچکا ہوتا۔ ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 23 سال پہلے نوازشریف نے قوم کی ترجمانی کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہمیں غلامی قبول نہیں ۔ نوازشریف کی جرات، بہادری اور قومی مفادات کی پاسبانی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بے مثال قیادت کا ثبوت دیتے ہوئے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے ہر قسم کی دھمکیوں کو مسترد کردیا ۔ پاکستان کی جوہری صلاحیت کی خدمت کرنے والے تمام افراد اور اداروں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین کے مستحق ہیں ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ28مئی وہ دن ہے جب قوم ان انجینئرز، سائنسدانون اور دیگر ایسے ہیروز جن کے نام قوم کے سامنے نہیں ان کے کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے اورخوشی مناتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تاریخی دن کا سبق یہ ہے کہ اگر ہم بطور قوم کسی کام کو کرنے کا عہد کر لیں تو ہمیں کوئی طاقت وہ کام کرنے سے نہیں روک سکتی ۔ جوہری صلاحیت سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیربنانے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں ۔ پارٹی ملک بھر میں عوام کے ساتھ مل کر 28 مئی کو یوم تکبیر کا دن قومی جذبے سے منائے۔ یوم تکبیر کے تاریخی دن کی اہمیت ، اس مقصد کے لئے دی جانے والی قربانیوں کواجاگر کیا جائے ۔ اس فیصلے کے پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر اثرات سے متعلق حقائق نوجوان نسل کو بتائے جائیں ۔