منگل کو میڈیا مالکان اور اینکرز کو آگاہی مہم کے لئے بلایا ہے
بکرا عید پر ویسی پابندیاں نہیں لگانا چاہتے جیسی عیدالفطر پر لگائی تھیں
جون جولائی میں دو کروڑ ویکسین پاکستان پہنچیں گی، اس سال کے آخر تک 7 کروڑ افراد کوویکسین لگوانا چاہتے ہیں
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی میڈیا بریفنگ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی شرح کم ہوکر 4فیصد پر آگئی ہے کوشش ہے جولائی تک اتنی ویکسی نیشن ہو جائے کہ بندشوں کی ضرورت نہ  رہے،بکرا عید پر ویسی پابندیاں نہیں لگانا چاہتے جیسی عیدالفطر پر لگائی تھیں ، جون جولائی میں دو کروڑ ویکسین پاکستان پہنچیں گی۔ اس سال کے آخر تک 7 کروڑ افراد کوویکسین لگوانا چاہتے ہیں ویکسین لوگوں تک پہنچانے کی بڑی مہم شروع کررہے ہیں آج منگل کو میڈیا مالکان اور اینکرز کو آگاہی مہم کے لئے این سی او سی اجلاس میں بلایا ہے۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ این سی سی کا خصوصی اجلاس وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہوا جس میں کورونا صورتحال پر غور ہوا۔ کورونا وباء کے پھیلائو میں کمی نظر آرہی ہے، ملک میںکرونا پھیلائو کی شرح 10 فیصد سے کم ہوکر تقریباً4فیصد پر آگئی ہے۔ سندھ میں ابھی بھی وباء کا پھیلائو کچھ زیادہ سطح پر ہے اس لئے وہاں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔بروقت فیصلوں کا اچھا اثرہوا اب ہمیں بہتری نظر آرہی ہے لیکن ابھی تک احتیاط کی ضرورت ختم نہیںہوئی احتیاط لازمی ہے پہلی دوسری اورتیسری لہر میںجس طرح دیگر ممالک اور بالخصوص بھارت کو سامنا رہا اور ہے اس کا سامنا ہمیں نہیں کرنا پڑا ۔ یہ اللہ تعالیٰ کا ہم پر خصوصی کرم ہے وباء سے نکلنے کا ویکسین ہی بہتر طریقہ ہے وہ ممالک جہاںبہت زیادہ ویکسی نیشن ہوچکی ہے وہاں اس کے مثبت نتائج دیکھ رہے ہیں  اور وہاں کورونا کی شرح خاصی نیچے آچکی ہے اور وہ بہتری کی طرف جارہے ہیں اسی طرح ہم نے اپنے ملک میں بھی کرنا ہے اعداد وشمار کے مطابق اب تک پاکستان میں 70 لاکھ سے زیادہ ویکسی نیشن کی جاچکی ہیں ۔ اس سال کے آخر تک پورے پاکستان میں 7  کروڑ کے ہدف تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ بکرا عید سے پہلے اتنی ویکسی نیشن ہوجائے تاکہ عیدالاضحی پر ہمیںعیدالفطر جیسی بندشیں  نہ لگانی پڑیں۔ وفاقی حکومت نے کروڑ سے زیادہ ویکسین  کا بندوبست کرلیا ہے اور مزید کروڑوں ویکسین پاکستان آنے والی ہیں ماہ جون صرف ایک مہینے میں ہی ہمارے پاس ایک کروڑ سے زیادہ ویکسین آئیں گی اور جولائی کے مہینے میں مزید ایک کروڑ سے زیادہ ویکسین آئیں گی۔ ویکسین  کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔ الحمد اللہ ہمارے پاس انتظامات ہوچکے ہیں این سی او سی نے صوبوں کے ساتھ تعاون  کیلئے کام کیا ہے ۔ صوبوں نے اپنی استعداد کار بڑھا دی ہے اور ویکسین لگانے کے مراکز  میں بھی اضافہ کیا ہے۔ شروع شروع میں چند سو ویکسین دن میں لگائی جاتی تھیں گزشتہ ہفتہ  کے روز3 لاکھ 83ہزار ڈوز لگائی گئیں۔ہم اس تعداد کو دوگنا سے بھی زیادہ لے جانا چاہتے ہیں اس اجلاس میں صوبوں سے درخواست کی گئی ہے کہ اپنی استعداد کو مزید بڑھائیں  تاکہ لوگوں کو زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑے۔ میڈیا  نے لوگوںتک آگاہی  فراہم کرنے کیلئے موثر کردارادا کیا۔ منگل کو اجلاس  میں میڈیا مالکان اور اینکرز کو بلایا ہے اور بدھ کو اجلاس میں بزنس کے اداروں کو دعوت دے رہے ہیں۔ ہم ان کی اپنے کام میں شراکت دار بنانا چاہتے ہیں ہمیں ان کے پیسے کی ضرورت نہیں ہے ویکسین بھی ہم مہیا کریں گے لیکن میڈیا کے ذریعے آگاہی کی جائے گی۔ اسد عمر نے کہاکہ 18   سال سے اوپر کے تمام پاکستانیوں کیلئے مفت ویکسین میسر ہوگی ۔ ویکسین  لگانے کے عمل کو بڑھانے کیلئے میڈیا ، تاجر تنظیموں اور علماء کو شامل کیا جائے گا۔