بزنس کمیونٹی اور ملازمین کیلئے آئی سی سی آئی اور اہم مارکیٹوں میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کریں گے۔ ڈاکٹر زعیم ضیا
کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کیلئے چیمبر ویکسی نیشن مہم میں بھرپور تعاون کرے گا۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ( ویب نیوز )

اسلام آباد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس (ڈی ایچ او) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے چیمبر کی بلڈنگ اور اہم مارکیٹوں و شاپنگ مالز میں کرونا ویکسی نیشن سنٹر کھولنے کی کوشش کرے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ کاروباری برادری اور ان کے ملازمین کو ویکسین لگائی جائے جس سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے، کاروبار پر پابندیاں ختم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر محمد زعیم ضیا نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فواد خالد خان کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان کے ساتھ ویکسی نیشن سنٹر کے قیام کی ضروریات کو پورا کرنے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر محمد زعیم ضیا نے کہا کہ ڈی ایچ او اسلام آباد وفاقی دارالحکومت کی آبادی کی زیادہ تعداد کو ویکسین لگانے کے لئے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے تا کہ ویکسی نیشن بڑھا کر کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جائے جس سے کاروبار پر تمام بندشیں ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اسلام آباد کی 30 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ ہمارا ہدف 70 سے 80 فیصد آبادی کو ویکسین لگانا ہے جس سے عوام میں ہرڈ امنیوٹی ڈویلپ ہو گی اور پابندیوں و لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کے ذریعے اسلام آباد میں کرونا مثبت کیسوں کی شرح 19 فیصد سے کم ہوکر 1.6 فیصد تک آ گئی ہے جو بہت حوصلہ افزاء ہے اور اسلام آباد دینا کا واحد دارالحکومت جس میں کرونا کیسوں کو اتنی جلدی کم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو ویکسین لگ جاتی ہے ان کے ذریعے دوسروں میں کرو وائرس پھیلنے کا امکان نہیں ہوتا لہذا زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لگوانے کی کوشش کریں تا کہ کرونا کے پھیلاؤ پر مکمل قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کاروباری اوقات میں اضافے کے لئے آئی سی سی آئی کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے چیمبر میں ویکسی نیشن سنٹر قائم کرنے کیلئے ڈاکٹر فواد خالد خان، ایڈیشنل ڈی ایچ او اسلام آباد کو فوکل پرسن نامزد کیا جو چیمبر کے ساتھ مل کر سنٹر کے قیام کیلئے کوشش کریں گے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے چیمبر میں کرونا ویکسی نیشن سنٹر کے قیام کیلئے ڈی ایچ او اسلام آباد کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے تجویز دی کہ ڈی ایچ او چیمبر کے تعاون سے اہم مارکیٹوں، سینٹورس مال اور گیگا مال اسلام آباد میں بھی ویکسی نیشن سنٹرز کھولنے کی کوشش کرے کیونکہ روزانہ بڑی تعداد میں لوگ کاروباری مراکز میں شاپنگ کیلئے آتے ہیں لہذا ویکسی نیشن کی سہولت سے بڑی تعداد میں لوگوں کو ویکسین لگانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کاروبار پر عائد تمام بندشیں ختم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو معمول پر لانے کے لئے کوششیں کر رہا ہے لہذا زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانے کی کوششوں میں چیمبر ڈی ایچ او اسلام آباد کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور صنعتی شعبے کے ساتھ مل کر کاروباری برادری اور ان کے ملازمین کو ویکسین لگانے کیلئے چیمبر میں مدعو کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اسلام آباد میں ویکسی نیشن میں اضافہ ہو رہا ہے لہذا کاروباری اوقات کو رات 12 بجے تک بڑھایا جائے تاکہ تاجر برادری بندشوں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی کچھ تلافی کر سکے۔
آئی سی سی آئی کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، سیف الرحمن خان، عبدالرحمن صدیقی، خالد چوہدری، شوکت حیات، راجہ عبد المجید، میاں عارف حسین اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کاروباری سرگرمیوں کو بحال کرنے کیلئے کاروباری اوقات کو رات 8بجے سے مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔