خوشحالی مائیکرو فنانس بینک عالمی یوم ماحولیات2021 کو”صاف، سبز اور خوشحال پاکستان“کے عزم سے منارہاہے
اسلام آباد (ویب نیوز ) خوشحالی مائیکرو فنانس بینک (KMBL) خیبر پختونخوا کی صوبائی ہاؤسنگ اتھارٹی (PHA) کے اشتراک سے پشاور میں شجرکاری مہم کے ذریعے ہفتہ کو عالمی یوم ماحولیات منا رہا ہے۔
صاف، سبز، اور خوشحال پاکستان کی حوصلہ افزائی کے لیے پشاور شہر میں سینکڑوں پودے لگانے کی اس مہم میں خوشحالی مائیکرو فنانس بینک، پی ایچ اے اور مقامی رضاکارحصہ لیں گے۔یہ پروگرام رواں سال عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر ”ماحولیاتی نظام کی بحالی“ کے بین الاقوامی موضوع کی پیروی کا ایک حصہ ہے جس کا مقصدماحولیاتی بحالی اور تحفظ کے لئے قومی سطح پرکی جانے والی کوششوں کی حوصلہ افزائی اور عوام میں شعور بیدارکرنا ہے۔
بینک کی اس Corporate Social Responsibility کی کوششوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے خوشحالی مائیکرو فنانس بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر غالب نشتر نے کہا کہ ”یہ ہمارااجتماعی فریضہ ہے کہ ہم اپنے ماحول کی بحالی اور حفاظت میں مدد کے لئے بھرپور کوشش اور ماحول کی بہتری میں اپنافعال کردار ادا کریں۔ حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ10ارب پودے لگانے کی سونامی مہم میں خوشحالی مائیکروفنانس بینک سینکڑوں پودے لگاکر صاف،شفاف اور سبز پاکستان کی طرف اپنی کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے "۔
پاکستان کوعالمی یوم ماحولیات 2021 کا باضابطہ میزبان قرار دیا گیا ہے، اس دوران اقوام متحدہ کی جانب سے ماحولیات بحالی کی دہائی کا آغاز بھی ہورہاہے جس میں عوام الناس سے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کا مطالبہ بھی شامل ہے۔یہ ایسا اقدام ہے جو لاکھوں افراد کی زندگیاں بچانے کے ساتھ ان کی معاشی حالت بہتر کرنے میں بھی مددگا ر ثابت ہوگا۔
عالمی سطح پرخوشحالی مائیکرو فنانس بینک گزشتہ کئی سال سے ماحولیاتی تحفظ میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے جس نے شجرکاری مہموں،تحفظ جنگلی حیات کے پارکس کے بہتر آگاہی پیدا کرنے والے پروگراموں اور اسلام آباد میں بچوں کے لئے کیمپ سائٹس قائم کرنے سمیت ماحول کی بہتری کے متعددا قدامات اٹھائے ہیں۔خوشحالی بینک آلودگی کو کم کرنے، آب وہواکا معیار بہتر بنانے اورماحولیاتی نظام میں پائے جانے والے مسائل کو بتدریج ختم کرنے میں بھی اپنا فعال کردار ادا کررہا ہے۔