موبی لنک مائیکروفنانس بینک اور ٹیم اپ نے ڈیجیٹل کاروباری اداروں کو مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے معاہدہ کرلیا
اسلام آباد۔ (ویب نیوز ) پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل بینک موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) اور صفِ اول کے ڈیجیٹل انکیوبیٹر و ایکسلریٹر پلیٹ فارم، ٹیم اپ (Teamup) نے ایک مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
دو طرفہ تعاون کے معاہدے پر موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او،غضنفر عزام اور ٹیم اپ کے شریک بانی زوہیر خالق نے دستخط کئے۔ دونوں اداروں نے امید ظاہر کی ہے اس معاہدے سے انہیں ملکی ڈیجیٹل ایکوسسٹم کی ترقی، جدت اور اُسے مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے ایک دوسرے کی مہارت اور اہم سماجی روابط سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔
دونوں اداروں نے اسٹارٹ اپس کی ضروریات کے مطابق ڈیجیٹل مالیاتی خدمات ترتیب دینے کے لئے ایک دوسرے کی ادارہ جاتی مہارت سے استفادہ کرنے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔معاہدے کے تحت ڈیجیٹل کاروبار کرنے والی خواتین کو مالی خدمات کی فراہمی اور ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے انھیں ترقی کے لیے مردوں کے برابر مواقع دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے نئے منصوبوں کی ترقی کے لئے سیمینار، ورک شاپ اور نیٹ ورکنگ کے لیے مختلف تقاریب کا اہتمام کریں گے۔
اس موقع پر اظہار ِ خیال کرتے ہوئے ٹیم اپ کے شریک بانی زوہیر خالق نے کہا کہ یہ شراکت داری ہمارے لیے نہایت خوشی کا باعث ہے کیونکہ اس سے ہمیں مستقبل میں نہایت مثبت نتائج کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات سے پاکستان کے نئے کاروباری نظام میں انقلاب آسکتا ہے، لہٰذا ہم اس اشتراک کا دائرہ کار بڑھانے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔”
موبی لنک بینک اپنے وسیع تر ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مالیاتی خدمات سے محروم طبقات، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور کاروباری خواتین کو باسہولت مالیاتی خدمات کی فراہمی کے ذریعے انہیں بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اس کے علاوہ، بینک اپنے اہم ترین منصوبے، ویمن انسپریشنل نیٹ ورک (ڈبلیو آئی این) کے تحت کاروباری خواتین کی ترقی کے لیے خصوصی طور پر ترتیب دی گئیں ڈیجیٹل مصنوعات اور خدمات کے ایکو سسٹم کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔
موبی لنک بینک کے صدر و سی ای او غضنفر عزام نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں نئے کاروباری اداروں کی ترقی سے معاشی ترقی کے عمل میں تیزی آئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر ملکی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔انھوں نے کہاکہ یہ نہایت خوش آئند ہے کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس متعدد شعبوں میں اپنی نمایاں جگہ بنا رہے ہیں۔ ٹیم اپ کے ساتھ اپنی شراکت داری کے ذریعے ہم اس ترقی کے اس عمل کر تیزتر کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اسٹارٹ اپس اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں خاص طور پر خواتین کے زیرنگرانی چلنے والے کاروباری اداروں کو مالیاتی خدمات اور سہولیات کی فراہمی اورکاروباری افراد کی صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے پائیدار ترقی کی مثالیں قائم کرنا چاہتے ہیں۔
موبی لنک بینک اور ٹیم اپ کی انتظامیہ اس اشتراک کوعملی جامہ پہنانے کے لیے پرجوش ہے اورساتھ ہی نئے کاروباری اداروں کی ترقی کے لیے اشتراک کا دائرہ کار بڑھانے اور باہمی تعاون کے تحت کام کی رفتار قائم رکھنے کے لیے کوشاں ہے۔
۔۔۔۔