تاجر برادری کی ویکسی نیشن کیلئے صدر آئی سی سی آئی نے وفاقی دارالحکومت میں مزید ویکسی نیشن سنٹرز کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد میں کرونا سب سے کم ہو گیا ہے لہذا حکومت کاروبار پر تمام پابندیاں ختم کرے۔سردار یاسر الیاس خان
ایک کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف مکمل کرنے پر حکومت کو مبارک باد پیش کرتے ہیں
اسلام آباد ( ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کی ویکسی نیشن کا عمل تیز کرنے کیلئے آئی نائن انڈسٹریل ایریا، بلیو ایریا اور سپر مارکیٹ ایف سکس مرکز اسلام آباد میں این سی او سی اور ڈی ایچ او اسلام آباد کے تعاون سے مزید ویکسی نیشن سنٹرز کا افتتاح کیا جبکہ ایک ویکسی نیشن سنٹر کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائینگل اسلام آباد میں بھی کھولا جا رہا ہے تا کہ تاجر برادری، ان کے اہل خانہ اور ملازمین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کی ویکسی نیشن کر کے وفاقی دارالخلافہ کو کرونا سے پاک شہر بنایا جائے جس سے کاروبار پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کی راہ ہموار ہو گی۔
ویکسی نیشن سنٹرز کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ این سی او سی نے پبلک اور پرائیویٹ شعبوں کے تعاون سے ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جس کے نتیجے میں اب تک ایک کروڑ افراد کی ویکسی نیشن مکمل کر لی گئی ہے لہذا انہوں نے حکومت کو یہ ہدف حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی کیونکہ اتنے کم وقت میں ایک کروڑ افراد کی ویکسی نیشن کرنا حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ان کوششوں سے ملک میں مجموعی طور پر کرونا مثبت کیسوں کی شرح کم ہو کر اب 4فیصد سے نیچے آ گئی ہے جو بہت حوصلہ افزاء ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے مثبت پیشرفت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ملک کا پہلا چیمبر ہے جس نے این سی او سی کے ساتھ مل کر کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اسلام آباد میں ویکسی نیشن سنٹرز کے قیام کے لئے بھرپور کوشش کی اور اب ایسی کوششوں کے مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں کیونکہ اسلام آباد میں کرونا مثبت کیسوں کی شرح کم ہو کر 1.3فیصد تک آ گئی ہے جودیگر شہروں کی نسبت سب سے سب کم ہے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ اسلام آباد میں روزانہ 20ہزار سے 25ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں ویکسی نیشن سنٹرز کا قیام اس ہدف کو پورا کرنے میں کافی معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے کورونا وائرس سے نکلنے کا واحد راستہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسی نیشن کرنا ہے لہذا انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی، اپنے اہل خانہ اور اپنے ملازمین کی ویکسی نیشن کیلئے ان قائم شدہ ویکسی نیشن سنٹرز سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ اسلام آباد کو ملک کا پہلا کرونا سے پاک شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ اسلام آباد میں اب کرونا کیسوں کی تعداد دیگر شہروں کی نسبت سب سے کم سطح پر آ گئی ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ این سی او سی کے آئندہ اجلاس میں اسلام آباد میں کاروبار پر عائد تمام پابندیاں اور بندشیں ختم کی جائیں تا کہ کاروباری سرگرمیاں اپنے معمول کے مطابق بحال ہو سکیں۔
فاطمہ عظم سینئر نائب صدر,نائب صدر عبدالرحمٰن خان، طارق صادق اور ظفر بختاوری سابق صدور آئی سی سی آئی، عمر حسین، راجہ حسن اختر، سعید خان، خالد چوہدری، یوسف راجپوت، سید امین پیرزادہ، محمد حسین، طہماس بٹ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔