غزہ  (ویب ڈیسک)

اسلامی تحریک مزاحمت( حماس) کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ اور دوسری فلسطینی تنظیموں نے کہا ہے کہ قبلہ اول پر اشتعال انگیز دھاووں کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔القسام بریگیڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی مزاحمتی قوتیں القدس اور مسجد اقصیٰ کے خلاف ہونے والی اسرائیلی سازشوں ، یہودی آباد کاروں اور ان کے انتہا پسند لیڈروں کے قبلہ اول پر اشتعال انگیز دھاووں کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے اور اس کے نتائج کا ذمہ دار اسرائیلی دشمن ہوگا۔بیان میں خبردار کیا گیا کہ مسجد اقصیٰ کے خلاف یہودی بلوائیوں کے دھاووں اور قبلہ اول میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی سرخ لکیر عبور کرنے کی مجرمانہ کوشش ہے جس پر فلسطینی عوام اور مزاحمتی قوتیں خاموش نہیں رہ سکتیں۔القسام بریگیڈ کے ترجمان نے بیت المقدس کے فلسطینی نمازیوں اور مرابطین کی قبلہ اول کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں پرانہیں خراج تحسین پیش کیا۔