متوازن بجٹ پیش کیا گیا،حقیقی اقدامات سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے’ کارپٹ ایسوسی ایشن

سرمائے کی قلت ختم کرنے کیلئے ریفنڈز کے حجم کو بڑھایا اورادائیگی کے طریق کار کو مزید سہل کیا جائے ‘ مشترکہ بیان

لاہور (ویب  نیوز)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ کو مجموعی طو رپر خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت معیشت کی بنیادبرآمدات پر رکھنا چاہتی ہے تواس کیلئے مزید غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے،بجٹ میں پاکستانی برآمدی مصنوعات کی تشہیر کیلئے پالیسی کا اعلان ہونا چاہیے تھا،سرمائے کی قلت کو ختم کرنے کیلئے ریفنڈز کے حجم کو بڑھایا جائے اور ادائیگی کے طریق کار کو مزید سہل کیا جائے ۔ ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک ،سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد ، سعید خان، اکبر ملک، میجر (ر) اختر نذیر، اعجاز الرحمان ،دانیال حنیف، فیصل سعید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے متوازن بجٹ پیش کیا ہے اوراگر اعلانات کو حقیقت کا روپ دیا گیا تو اس سے معیشت پر مزید مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو برآمدات میں اضافے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ، مصنوعات کی تشہیر اوربرآمد کنندگان کی عالمی نمائشوں میں شرکت کے لئے معاونت کے 20/80کے فارمولے پر عملدرآمد کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں خام مال کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے حوالے سے مثبت اعلانات کئے گئے ہیں تاہم ان کی تفصیلی وضاحت سامنے آنی چاہیے ۔