آئی سی سی آئی کے تعاون سے کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائینگل، آئی نائن انڈسٹریل ایریا اور پی ڈبلیو ڈی میں ایک روزہ ویکسی نیشن سنٹرز کا قیام
اسلام آبادکو کروناوائرس سے پاک کرنے کیلئے تاجر برادری ویکسی نیشن مہم میں بھرپور شرکت کرے۔ سردار یاسر الیاس خان

اسلام آباد (ویب نیوز  )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ چیمبر نے این سی او سی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کیلئے ویکسی نیشن کا عمل مزید تیز کر دیا ہے کیونکہ سوموار کو کہوٹہ انڈسٹریل ٹرائینگل، آئی نائن انڈسٹریل ایریا اور پی ڈبلیو ڈی میں بھی ایک روزہ ویکسی نیشن سنٹرز قائم کئے گئے جبکہ آنے والے دنوں میں مزید مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں ایسے سنٹرز قائم کئے جائیں گے لہذا انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ ان سنٹرز سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنی، اپنے اہل خانہ اور ملازمین کی ویکسی نیشن کروائیں تا کہ اسلام آباد میں کرونا وائرس پر قابو پا کر صنعتی وتجارتی سرگرمیوں کو معمول کے مطابق بحال کیا جا سکے۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ اسلام آباد میں روزانہ 20 سے 25ہزار افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں قائم ہونے والے ویکسی نیشن سنٹرز اس ہدف کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے کورونا وائرس سے باہر نکلنے کا واحد راستہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسی نیشن کرانا ہے لہذا انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری سے پرزور اپیل کی کہ وہ اپنی، اپنے اہل خانہ اور اپنے ملازمین کی زیادی سے زیادہ تعداد کی ویکسی نیشن کیلئے ان ویکسی نیشن سنٹرز سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ اسلام آباد کو ملک کا پہلا کرونا سے فری شہر بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ اسلام آباد میں اب کرونا کیسوں کی تعداد دیگر شہروں کی نسبت سب سے کم ہو گئی ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد میں کاروبار پر عائد تمام پابندیاں اور بندشیں ختم کرنے پر غور کرے تا کہ کاروباری سرگرمیاں اپنے معمول کے مطابق بحال ہو سکیں۔