فلورملز پر ٹیکسز میں اضافے کے بعد آٹا مزید مہنگا ہونے کا عندیہ

یکم جولائی سے فلور ملز پر ٹرن اوور ٹیکس 1.25فیصد ہونے کے بعد آٹے کا 20کلو کا تھیلا مزید 90وپے مہنگا ہوگا، چیئرمین فلور ملز

اسلام آباد(ویب  نیوز)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے یکم جولائی سے فلورملز پر ٹرن اوور ٹیکس 1.25 فیصد ہونے کے باعث 20 کلو آٹے کا تھیلا90روپے مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا۔ قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے آئندہ مالی سال کے فنانس بل میں فلور ملز کے لئے ٹرن اوور ٹیکس میں دی گئی رعایت ختم کردی گئی ہے، جس کے  بعد ٹیکس بڑھنے سے 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 90 روپے اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ آئندہ مالی سال کے فنانس بل کے مطابق آٹے کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری کی امپورٹ پر سیلز ٹیکس کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد اور آٹے سے نکلنے والے چوکر پر سیلز ٹیکس کی شرح 7 فیصد سے بڑھا کر 17 فیصد کردی گئی ہے، جب کہ یکم جولائی سے فلورملز کی آمدن پر ٹرن اوور ٹیکس ریٹ 0.25 فیصد کی بجائے 1.25 فیصد ہوگا۔دوسری جانب چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1ہزار 50 روپے سے بڑھ کر 11 سو 44 روپے کا ہو جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو آٹے کی قیمتیں بڑھانے بارے تفصیلات سے آگاہ کرینگے، اگر ٹرن اوور ٹیکس واپس نہ لیا گیا تو جولائی میں آٹے کی قیمتیں بڑھ جائیں گی اور یہ عوام کے ساتھ ظلم ہوگا۔ عاصم رضا نے فنانس بل میں ایف بی آر کی نادانستہ غلطی یا سوچے سمجھے ٹیکس اضافہ کی تصدیق اور صورتحال کی نشاندہی کیلئے وفاقی وزیر خزانہ کو خط ارسال کردیا ہے۔چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن نے خط میں کہا ہے کہ فنانس بل میں ممکنہ غلطی کی وجہ سے فلورملز کو کم سے کم ٹرن اوور ٹیکس کے شیڈول سے خارج کردیا گیا، رواں مالی برس میں فلورملز پر 0.25 فیصد ٹرن اوور ٹیکس عائد ہے، جبکہ قومی اسمبلی میں پیش کردہ فنانس بل میں فلور ملز کو موجودہ شیڈول سے نکال دیا گیا ہے اور یکم جولائی سے فلور ملز پر ٹرن اوور ٹیکس 1.25 فیصد ہوجائے گا ، وفاقی وزیر خزانہ فنانس بل میں ہونے والی غلطی کی درستگی کر کے آٹا مہنگا ہونے سے بچائیں۔