اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ ڈویژن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس کے تمام پروگراموں اور اقدامات سے متعلق معلومات اور خدمات تک رسائی کے حصول کیلئے احساس ڈیجیٹل ای پورٹل کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ یہ ای پورٹل ون ونڈو احساس اقدام کا اہم حصہ ہے جس کا مقصد عام آدمی کو با اختیار بنانا اور سہولت فراہم کرنا ہے ۔ ڈیجیٹل ای پورٹل عوام کو بالخصوص احساس پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے ۔ عوام تکنیکی معلومات کے حصول میں دلچسپی نہیں رکھتے ہیں ۔ ان کے سوالات اس حوالے سے ہیں کہ وہ کس طرح سے احساس پروگرام سے مستفید ہوسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر احساس پروگرام سے متعلق پوچھے جانے والے سوالات کی بنیاد پر ہم نے احساس ڈیجیٹل ای پورٹل تشکیل دیا ہے ۔یہ اقدام احساس سے متعلق معلومات کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے، جو عوام کو احساس میں اندراج اور فوائد سے مستفید ہونے کیلئے صحیح معلومات سے الیکٹرانک طور پر منسلک کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے معاشرے کے 14مختلف طبقات کیلئے احساس فوائد اور خدمات کو مربوط کرتا ہے جن میں انتہائی غریب، یتیم، بیوائیں ، بے گھر افراد، معذور، بے روزگار، غریب کسان، مزدور، بیمار جنہیں علاج کی ضروت ہو،غذائی قلت کے شکار افراد،کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلبا، غریب خواتین اور عمر رسیدہ شہری شامل ہیں ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ خاص طور سے اردو زبان میں ڈیزائن کی گئی ہدایات عوام کو احساس پروگراموں اور اقدامات سے متعلق معلومات فراہم کرتی ہیں ، جن میں احساس کفالت، احساس سروے، احساس رجسٹریشن ڈیسک، احساس نشوونما، وسیلہ تعلیم ڈیجیٹل، احساس انڈرگریجویٹ سکالرشپ، احساس بلاسود قرضہ، احساس بچت اکاونٹ، احساس آمدن، دارلاحساس، احساس پناہ گاہ، احساس لنگرخانہ، احساس کوئی بھوکا نہ سوئے، ون ونڈو احساس، احساس تحفظ اور دیگر پروگرام شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ احساس سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے خواہشمند افراد اس آن لائن پورٹل کے ذریعے مرکزی دھارے میں شامل احساس پروگراموں کی تفصیلات ملاحظہ کرسکتے ہیں ۔ احساس ڈیجیٹل لوگوں کو پروگراموں کی نمایاں خصوصیات، اہلیت کے معیار، فوائد ، علاقے کے لحاظ سے پروگرام دفاتر کے پتوں کی فہرست کیساتھ ہر پروگرام اور اقدام کیلئے ہیلپ لائن نمبر فراہم کرتا ہے ۔ اس پورٹل کے مرکزی پیج پر متعلقہ پروگرام کے بٹن پر کلک کر کے کسی بھی پروگرام کے پیج تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ احساس ڈیجیٹل پورٹل http://ehsaasdigital.pass.gov.pk/پر ملاحظہ کیا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس ڈیجیٹل شفافیت اور عوام بالخصوص مستحقین کیساتھ رابطے کو مضبوط بناتا ہے ۔ اردو زبان میں مستحقین کے سوالات کے جواب دینے سے احساس اپنے سماجی تحفظ و تخفیف غربت پروگراموں اور اقدامات کو زیادہ بہتر اور موثر بنانے کے قابل ہوگا ۔مزید برآں ، احساس کے نام پر دھوکہ دہی کرنے والوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں اور غلط فہمیوں کی وجہ سے شواہد پر مبنی معلومات کو فروغ دینے اور بدعنوانی کیخلاف جنگ کیلئے بہت ضروری ہے ۔ ڈیجیٹل معلومات اور خدمات کا یہ پلیٹ فارم ایک عام آدمی کو احساس فوائد اور خدمات سے متعلق معلومات فراہم کرکے کرپشن اور فراڈ کو روکنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ واضح رہے کہ ون ونڈو احساس کے چھ اہم ستون ہیں،ون سٹاپ شاپ، احساس سینٹر، ڈیجیٹل انٹرفیس، ڈیجیٹل انفارمیشن اینڈ سروسزپلیٹ فارم، موبائل ایپ، اے پی آئی آرکیٹیکچر اور احساس ون ونڈو بینیفشری سلیکشن اینڈ ٹارگٹڈ پالیسی ۔ 9جون2021کو وزیر اعظم نے ستارہ مارکیٹ اسلام آباد میں پہلا ون ونڈو احساس سینٹر کا افتتاح کیا تھا ۔ اس سینٹر میں ایک ہی جگہ پر تمام احساس خدمات تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ احساس ہر ضلع میں ون ونڈو احساس سینٹرز کا آغاز کرے گا۔