اسلام آباد(ویب نیوز  )
پارلیمانی سیکرٹری آبی وسائل و ممبر قومی اسمبلی صالح محمد خان سواتی کا ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا دورہ ۔ نائب صدر سارک چیمبر و سابق صدر ایف پی سی سی آئی حاجی غلام علی اور کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی مرزا عبدالرحمن سے ملاقات ۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھانے اور پاکستان کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ و ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی ۔ حاجی غلام علی نائب صدر سارک چیمبر اور مرزا عبدالرحمن کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے صالح محمد خان سواتی پارلیمانی سیکرٹری آبی وسائل کا فیڈریشن آفس کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے مل کر کوششیں کرنے میں ہی ملک و قوم کی ترقی ہے ۔ وفاقی ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے تاجر کا ادارہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے دن رات جدوجہد کررہا ہے ۔ انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری کو وفاقی بجٹ میں ایف بی آر کو تاجروں کی گرفتاری کے اختیار دینے پر تحفظات کا بھی اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وباء کے باعث سب سے زیادہ چھوٹے تاجر متاثر ہوئے ہیں مگر حکومت نے وفاقی بجٹ میں چھوٹے تاجروں کو کوئی ریلیف نہیں دیا ۔حکومتی عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی معیشت کی بہتری ، کاروبار کے فروغ اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔ تاجر خوشحال ہونگے تو پاکستان بھی خوشحال ہوگا ۔ پارلیمانی سیکرٹری آبی وسائل صالح محمد خان سواتی نے حاجی غلام علی اور مرزا عبدالرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کا دورہ میرے لئے اعزاز ہے ۔ پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سلسلے میں ایف پی سی سی آئی کے صدر ، سینئر نائب صدر و دیگر قائدین سے بھی ملاقات کروں گا ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو جو بھی مسائل درپیش ہیں ان کے حل کیلئے اپنے تاجر بھائیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے پارلیمنٹ اور پارلیمانی کمیٹی میں بھرپور آواز اٹھا ئونگا۔صالح محمد خان سواتی نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان ملک میں معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھار ہی ہے ۔ سیاحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ پاکستان میں بے پناہ قدرتی ذخائر ہیں جن سے استعفاہ حاصل کرنے کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں بزنس کمیونٹی کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ آنے والے وقتوں میں پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگا۔ انہوں نے ایک بار پھر یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ان کے مسائل کے حل اور ملکی معیشت میں بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے ۔ آخر میں مرزا عبدالرحمن کوآرڈنیٹیر ایف پی سی سی آئی نے پارلیمانی سیکرٹری آبی وسائل صالح محمد خان سواتی کو ایف پی سی سی آئی کی شیلڈ پیش کی ۔