سنگا پور  (ویب ڈیسک)

پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور نے سنگاپور بزنس فیڈریشن(ایس بی ایف) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی )اور پاکستان فروٹس اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن (پی ایف وی اے)کے تعاون سے خصوصی ویبینار ہوا ۔ویبینار کا اہتمام اقتصادی ڈپلومیسی کو فروغ دینے کے لئے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق کیا گیا تھا۔ اپنی نوعیت کا یہ تیسرا ویبی نار تھاجس کا مقصد مختلف شعبوںمیں پاکستان کی صلاحیت کا اجاگر کرنا تھا۔ سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رخسانہ افضال نے ویبی نار سے خطاب میں کہا کہ پاکستان  ایک  ابھرتی ہوئی معیشت ہے، پاکستان دنیا میں تازہ پھلوں کا چھٹا سب سے بڑا پیداوار ی ملک ہے ، پاکستان سنگاپور کے لئے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد کیلئے منزل بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی  شعبے میں دو طرفہ تعاون اور فوڈ پروسیسنگ ، معیار میں اضافہ کی صلاحیت موجود ہے انہوں نے بتایا کہ سنگاپور میں پہلی بار پاکستانی آم بھی موجود ہے ۔ انہوں نے پہلی بار سنگاپور کی منڈیوں میں پاکستانی آم کی دستیابی کا بھی خیر مقدم کیا۔سنگاپور بزنس فیڈریشن کے وائس چیئرمین شمشیر زمان نے کہا کہ آئندہ دہائی میں پاکستا نی معیشت دنیا میں اہم مقام حاصل کرے گی۔ انہوں نے سنگاپور کے درآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ پاکستان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد میں اضافہ کریں تاکہ سنگاپور میں بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیاجاسکے۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی) کی اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحترمہ مریم ممتازنے پاکستان کے پھلوں اور سبزیوں کی برآمدی صلاحیت اور گذشتہ کچھ سالوں میں کی جانے والی کامیابیوں کے بارے میں جامع پریزنٹیشنز دیں۔ انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کے معیار ، مارکیٹنگ ، تقسیم اور فراہمی کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔اپنے اختتامی کلمات میں ، ڈائریکٹرٹی ڈی اے پیعاصم توقیر نے پاکستان کے لئے برآمدات میں اضافے کے مواقع کی تلاش میں ایس بی ایف اور ہائی کمیشن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اس طرح کی کوششوں کے لئے ٹی ڈی اے پی کے مستقل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔