2021کی پہلی سہ ماہی میں 31مارچ تک ایڈوانس سیلری سکیم کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے برانچ منیجرز میں نقد انعامات، تعریفی اسنادتقسیم
2020میں 301ملین روپے کا منافع کما کر تاریخ رقم کی، 2019 میں منافع صرف 134 ملین روپے تھا، ایڈوانس سیلری سکیم کے تحت آسان شرائط پر قرضہ جات کی رقم 10لاکھ روپے سے بڑھا کر20لاکھ روپے کردی گئی
بینک کی ایڈوانس سیلری سکیم سے31دسمبر2020تک 4156ملازمین مستفید، 1432ملین روپے فراہم کئے گئے،خاور سعید
مظفر آباد(ویب نیوز )بینک آف آزاد جموں و کشمیرکی جانب سے سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین کے لئے متعارف کی گئی ایڈوانس سیلری سکیم کے تحت سال2020کے دوران ریاست کے1590سرکاری ملازمین کوآسان شرائط پر 945ملین روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔بینک کی ایڈوانس سیلری سکیم سے31دسمبر2020تک 4156ملازمین مستفید ہوئے جنھیں 1432ملین روپے فراہم کئے گئے۔ گزشتہ روز مظفر آباد میں صدر بینک جناب خاور سعید کی زیر صدارت منعقدہ مظفر آباد زون کے منیجرز کے اجلاس کے دوران سال 2021کی پہلی سہ ماہی میں 31مارچ تک ایڈوانس سیلری سکیم کو کامیاب بنانے میں نمایاں کردار ادا کرنے والے برانچ منیجرز میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے اور انہیں تعریفی اسناد دی گئیں۔ اس موقع پر 31دسمبر2020تک منا فع جات، ڈیپازٹس، قرضہ جات اور دیگر شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے برانچ منیجرز اور زونل چیف میں بھی نقد انعامات تقسیم کئے گئے اور انہیں تعریفی اسناد دی گئیں۔ صدر بینک نے منیجرز کو مزید محنت وجانفشانی سے کام کرنے اور جون2021کے اہداف حاصل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بینک نے سال 2020میں 301ملین روپے کا منافع کما کر تاریخ رقم کی ہے جب کہ 2019 میں منافع صرف 134 ملین روپے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اور خودمختار اداروں کے ملازمین کے لئے ایڈوانس سیلری سکیم کے تحت آسان شرائط پر قرضہ جات کی رقم 10لاکھ روپے سے بڑھا کر20لاکھ روپے کرنے کا مقصد ریاستی ملازمین کواس سے مستفید کرانا ہے تا کہ وہ اپنی مالی ضروریات کو پورا کرسکیں۔انہوں نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بینک عملے کی حوصلہ افزائی کے لئے ایوارڈز اور انعامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ وہ مزید لگن اور محنت سے بینک کی ترقی میں اپنا منفرد کردار ادا کر سکیں۔