صارفین مارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ، آسان، فوری ادائیگی پر مبنی قرضہ جات سکیموں سے مستفید ہوں، صدر کشمیر بینک

مظفر آباد (ویب نیوز)

بینک آف آزاد جموں و کشمیرکے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب خاور سعید نے جمعرات کو میر پور میں ادارے کے فیلڈ نگراں دفاتر اور برانچوں کا دورہ کیا۔ دورہ کے موقع پر انہوں نے عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کا جائزہ لیااور صارفین کے لئے بہترین بینکاری خدمات سے متعلق ہدایات دیں۔ انھوں نے کہا کہ صارفین کی خدمات میں بہتری اورکسٹمر زکے ساتھ بزنس تعلقات میں اضافہ ہی ہماری ترجیحات میں سر فہرست ہیں۔ اس کے باعث یہ ادارہ صارفین کی خصوصی توجہ اور دلچسپی کا مرکز بن رہا ہے۔یہی وجہ ہے کہ بینک کے منافع، اثاثہ جات، ڈیپازٹس، ترسیلات میں اضافہ ہورہاہے جس سے بینک پر صارفین کے بھرپور اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔انہوں نے کسٹمرز کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہیں قیمتی سرمایہ قرار دیا اورمارکیٹ میں سب سے کم مارک اپ، انتہائی آسان اور فوری ادائیگی پر مبنی بینک کی مختلف قرضہ جات سکیموں سے مستفید ہونے کی ترغیب دی۔بینک کے آپریٹنگ دفاتر اور برانچوں کے عملے کو صارفین کے ساتھ بزنس تعلقات کو مستحکم کرنے اور کسٹمرسروس میں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس قدر صارفین کے ساتھ بزنس تعلقات مضبوط ہوں گے اسی انداز میں ادارے کے بزنس میں اضافہ ہو گا۔