پولیو کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے،وزیر اعظم عمران خان
دنیا کو کو موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا،بل گیٹس

اسلام آباد (ویب دس)

وزیراعظم عمران خان اور مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،پولیو کیسز میں کمی اور عوامی صحت سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کو ملک میں انسداد پولیو مہم سے متعلق معلومات دیں،،عمران خان نے کورونا سے متعلق عوام کی صحت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نے بل گیٹس کو اپنے 10 بلین ٹری سونامی اقدام سے آگاہ کیا، بل گیٹس نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا۔ بل گیٹس نے کہا کہ دنیا کو کو موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے اقدامات کو سراہا اورکہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے، کورونا کے باوجود ملک بھر میں پولیو خاتمے کی مہم کو مزید تیز کیا گیا، پولیو کے خاتمے کیلئے 7 سے 11 جون تک خصوصی مہم چلائی گئی، مہم کے دوران 3 کروڑ 30 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے، توقع ہے جلد شراکت داروں کے تعاون سے پولیو کو ختم کریں گے۔ ٹیلی فونک رابطے میں دنیا کو درپیش مختلف چیلنجز پر اظہارِ خیال کیا گیا۔