ابوظہبی (ویب ڈیسک)

متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے تھے۔

تاہم پشاور زلمی کے کھلاڑی یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ زلمی 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 159 رنز بنا سکی، یوں اسے فائنل مقابلے میں 47 رنز سے شکست فاش ہوئی۔

 

پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز حضرت اللہ زازئی اور کامران اکمل نے کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی لیکن زازئی 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کی وکٹ بلیسنگ مزاربانی نے حاصل کی جبکہ صہیب مقصود نے ان کا کیچ لیا۔

اس کے فوری بعد کامران اکمل بھی 36 رنز بنا کر عمران خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی جوناتھن ویلز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی راؤمیں پاؤل تھے جنہوں نے 23 رنز بنائے۔ ان کی وکٹ بھی بلیسنگ مزاربانی کے حصے میں آئی۔

پشاور زلمی کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے، انہوں نے 48 رنز بنائے جبکہ سہیل تنویر کی گیند پر عمران طاہر نے ان کا کیچ لیا۔

ملتان سلطانز کے لیگ سپنر عمران طاہر نے اپنی جادوئی گیندوں سے پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کو سنبھلنے نہیں دیا، انہوں نے اپنے اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے اوور میں زلمی کے کھلاڑٰی شرفین ردرفورڈ 18، وہاب ریاض صرف ایک جبکہ محمد عمران بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہو گئے۔

اس کے فوری بعد عمران خان نے عماد بٹ کو کیچ آؤٹ کرا کے واپس بھجوا دیا، انہوں نے صرف 7 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمران خان اور بلیسنگ نے دو، دو جبکہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے کیا، جبکہ حریف ٹیم پشاور زلمی کی طرف سے پہلا اوور ثمین گل نے کیا۔

ملتان سلطانز کو پہلا نقصان 9 ویں اوور میں اٹھانا پڑا، شان مسعود 37 سکور بنا کر محمد عمران کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ محمد عمران نے محمد رضوان کو بھی پویلین بھیجا، کپتان کی اننگز 30 تک محدود رہی۔

تیسری وکٹ کے لیے صہیب مقصود اور روسو نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلے اور حریف باؤلرز کو بے بس کیے رکھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 98 رنز کی شراکت داری بنی۔

روسو 21 گیندوں پر 50 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بیٹسمین نے باری میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے۔ اگلی ہی گیند پر ثمین گل نے چارلس کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔

ملتان سلطان نے مقررہ اوورز میں 206 رنز بنائے۔ صہیب مقصود 65 جبکہ خوش دل شاہ15 سکور بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد عمران اور ثمین گل نے 2.2 وکٹیں حاصل کیں۔

بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کے بعد پشاور زلمی نے عمید آصف کی جگہ ثمین گل کو کھلایا جبکہ ملتان سلطانز نے سکواڈ کو برقرار رکھا۔

ملتان سلطانز سکواڈ میں شامل نام، شان مسعود ،محمد رضوان، صہیب مقصود، روسو، چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، عمران طاہر، موذربانی، عمران خان، شاہنواز دھانی.

پشاورزلمی سکواڈ میں شامل نام، حضرت اللہ زازئی، کامران اکمل، ویلز، شعیب ملک، رومن پول، ردرفورڈ، عماد بٹ، وہاب ریاض، ثمین گل، محمد عرفان،محمد عمران.

خیال رہے کہ پشاور زلمی نے چوتھی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ پلے آف مرحلے میں دونوں ٹیمیں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں۔

پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 8 وکٹوں سے فتح اپنے نام کی تھی۔