جوہر ٹائون دھماکے میں زیر استعمال گاڑی لاہور منتقل کرنیوالا دہشتگرد گرفتار

سجاد حسن نامی شخص کو منڈی بہائوالدین سے گرفتار کیا گیا اور مبینہ دہشت گرد کو لاہور منتقل کر دیا گیا

لاہور(ویب  نیوز) پولیس نے جوہر ٹائون دھماکے میں زیر استعمال گاڑی لاہور منتقل کرنے والا مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹائون میں 23 جون کو ہونے والے بم دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کو لاہور منتقل کرنے والا مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلیا گیا ، سجاد حسن نامی شخص کو منڈی بہائوالدین سے گرفتار کیا گیا اور مبینہ دہشت گرد کو لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ سجاد حسین کا ماسٹر مائنڈ پیٹر پال ڈیوڈ سے 10 سال پرانا تعلق ہے، سجاد حسین نے دوران تفتیش گاڑی لاہور منتقل کرنے کا اعتراف کرلیا۔دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھماکے میں ملوث ابھی بھی اس شخص کی تلاش جاری ہے جس نے دھماکا خیز مواد سے بھری کار ہدف کے مقام پر پہنچائی۔