اسلام آباد (ویب ڈیسک)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی بلیک مارکیٹ میں یورینیم کی حالیہ غیر قانونی فروخت کا نوٹس لے کیونکہ ایسا تابکاری مواد غلط ہاتھوں میں جا کر انسانی جانوں اور قوموں کی سلامتی کیلئے خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز اسلام آباد میں بارہ ممالک کے ان فوجی افسران کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا جو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سیکورٹی ورکشاپ کورس میں شرکت کیلئے آئے ہوئے ہیں۔

صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج اور ملک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کامیابی سے دہشت گردی کو شکست دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کے فروغ کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے کیونکہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام سے سب سے زیادہ مستفید ہوگا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان علاقائی تجارت کے فروغ اور معاشی روابط کی حوصلہ افزائی کی غرض سے اپنا خصوصی جغرافیائی ومعاشی محل وقوع استعمال کرتے ہوئے خطے کا جغرافیائی ومعاشی مرکز بننے کو تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کے درمیان علاقائی روابط اور معاشی تعاون کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔