نیویارک فلیٹ کیس ،آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد

وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی عدم موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری دینے کی استدعا کی

ملزم کی عدم موجودگی میں ضمانت کی مثال نہ بن جائے اس لیے ایسا نہیں کر رہے،چیف جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد (  ویب نیوز)اسلام آبادہائی کورٹ نے نیویارک فلیٹ کیس میں آصف زرداری کی غیر موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد کردی۔منگل کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق نے نیویارک فلیٹ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ کیا آصف علی زرداری ضمانت قبل از گرفتاری مانگ رہے ہیں۔سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔دوران سماعت آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری کی عدم موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری دینے کی استدعا کی جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کی عدم موجودگی میں ضمانت کی مثال نہ بن جائے اس لیے ایسا نہیں کر رہے۔ جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عدم موجودگی میں ضمانت سے متعلق کیس لاز موجود ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اس سے کوئی غلط نظیر نہ بن جائے۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ دو دن کا وقت دے دیں، آصف زرداری پیش ہو جائیں گے، ہائی کورٹ نے آصف زرداری کی غیر موجودگی میں ضمانت قبل از گرفتاری کی استدعا مسترد کردی۔ جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آج (بدھ کو )  آصف زرداری پیش ہو جائیں گے، عدالت نے کیس کی سماعت آج (بدھ تک) ملتوی کردی۔