کوئی بھی ویکسین 100 فیصد موثر نہیں ہوتی، جب بھی کوئی نیا ویرینٹ آتا ہے تو آسانی سے پھیلنا ہے،نجی ٹی وی سے گفتگو
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کیسزمیں اضافہ کے باعث عیدالاضحی پر پابندیوں کا عندیہ دیدیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ڈیٹا بتا رہا ہے کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر آ رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ این سی او سی روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہے اور موجودہ حالات بتا رہے کہ عیدالاضحی بہت محدود پیمانے پر ہو گی،انہوں نے کہا کہ عید پر پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو گی لیکن سیاحتی مقامات پر ویکسی نیشن والوں کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ا نہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی نیا ویرینٹ آتا ہے تو آسانی سے پھیلنا ہے، موجودہ بھارتی ویرینٹ 50 سے 60 فیصد تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ کوئی بھی ویکسین 100 فیصد موثر نہیں ہوتی لیکن بہت ضروری ہے کہ تمام لوگوں کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگائی جائے، موجودہ ویکسین تمام ویرینٹس پر اثرانداز ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا فیصلہ بہتر ہے، میں ان فیصلوں سے متفق ہوں کیونکہ کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 19 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ سفر کرنے کے لیے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ ضروری ہو گا اور جلد کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے، اگست سے اندورن ملک سفر کے لیے بھی کورونا سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے جلسوں میں ماسک کا استعمال نہیں کیا جا رہا، ویکسین کی وافر مقدار ملک میں موجود، مزید بھی خرید رہے ہیں۔