ایف پی سی سی آئی اور سیچوان جیولاجیکل انجینئرنگ گروپ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
ایف پی سی سی آئی چینی سرمایہ کاروں کی مکمل معاونت، تحفظ سمیت ہر ممکن تعاون فراہم کریگا، قربان علی
ماہرین کی ٹیم جلد ہی پاکستان آئے گی اور پہلے مرحلہ میں ہم گلگت بلتستان میں کام شروع کریں گے’ لی کیوئی
اسلام آباد( ویب نیوز )وفاقی ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے کیپٹل آفس کے چیئرمین حاجی قربان علی کی پاکستان کی تعمیر و ترقی ، صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے۔ چین کے بڑے سرمایہ کار گروپ سیچوان جیولاجیکل انجینئرنگ گروپ نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں مائننگ کے شعبوں میں 800ملین ڈالر تک کی سرمایہ کاری کا اعلان۔گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی کے کیپٹل آفس میں چیئرمین قربان علی اور چینی سرمایہ کار گروپ کے جنرل منیجر لی کیوئی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ۔ ایف پی سی سی آئی چینی سرمایہ کار گروپ کو معدنی وسائل تک رسائی، وفاقی و صوبائی حکومتوں سے تعلقات، این او سی اور حکومتی اداروں سے رابطے کیلئے مکمل مدد فراہم کریگا ۔ تقریب میں سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی سجاد سرور، گلگت چیمبر کے صدر مشتاق احمد، غذر چیمبر کے صدر شیر نبی ، سکردو چیمبر کے صدر عارف ملک سمیت سیچوان جیولاجیکل انجینئرنگ گروپ کی چوآنگ گوانگ جیولاجی اینڈ منرل کو پرائیویٹ لمیٹیڈ پاکستان کے عہدیداران لی سونگ، ونگنگ ژائواور لیو پنگ بھی موجود تھے ۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کے بعد قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں پاکستان کی جغرافیائی حیثیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
مینوفیکچرنگ، ٹیکسٹائل، آئی ٹی سیکٹر ، مائنز اینڈ منرل، جیمز سٹون، ہائیڈرو پاور، سیاحت ، تعمیرات سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں وسیع پیمانے پر قدرتی ذخائر ہیں اور ان وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ ایف پی سی سی آئی کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ چینی اور دیگر ممالک کے سرمایہ کار پاکستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں ۔ ایف پی سی سی آئی اور حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات اور مکمل تعاون و تحفظ فراہم کریں گے۔ قربان علی نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی کی بزنس کمیونٹی کی خدمت اور انکو تحفظ فراہم کرنے سمیت مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھانا ترجیحات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں گلگت بلتستان، بلوچستان ، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب سمیت آزاد جموں و کشمیر میں مائننگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ گلگت بلتستان ٹیکس فری خطہ ہے ، کسی بھی قسم کی مشینری کی امپورٹ اور کاروبار پر کسی قسم کا کوئی ٹیکس نہیں ہے جبکہ گلگت بلتستان دنیا کا سب سے پر امن خطہ ہے جہاں سرمایہ کار بغیر کسی خوف کے سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ۔ گلگت میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں مگر وہاں کے لوگوں کے پاس وسائل ، ٹیکنالوجی کی کمی کا سامنا ہے ۔ چینی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کرکے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ گلگت بلتستان حکومت اور ایف پی سی سی آئی ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں لی کیوئی ، لی سونگ، ونگنگ ژائواور لیو پنگ نے کہا کہ ہمارے گروپ معدنی وسائل کی تلاش اور ان کو بہتر طریقے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زیر استعمال لانے کیلئے کام کرتی ہے ۔ ہمارا گروپ پاکستان میں موجود معدنیات کے شعبہ میں 800ملین ڈالر تک سرمایہ کاری کرے گا۔ ہمارے ماہرین کی ٹیم جلد ہی پاکستان آئے گی اور پہلے مرحلہ میں ہم گلگت بلتستان میں کام شروع کریں گے ۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کے چیئرمین قربان علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے تعاون سے پاکستان میں مزید شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ہم دیگر سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان لائیں گے ۔ ہمارا گروپ اور ایف پی سی سی آئی پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ملکر کام کریں گے ۔

 

کیپشن فوٹو001: قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اور سیچوان جیولاجیکل انجینئرنگ گروپ کے جنرل منیجر لی کیوئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر رہے ہیں ،اس موقع پر سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی سجاد سرور، گلگت چیمبر کے صدر مشتاق احمد، غذر چیمبر کے صدر شیر نبی ، سکردو چیمبر کے صدر عارف ملک سمیت سیچوان جیولاجیکل انجینئرنگ گروپ کی چوآنگ گوانگ جیولاجی اینڈ منرل کو پرائیویٹ لمیٹیڈ پاکستان کے عہدیداران لی سونگ، ونگنگ ژائواور لیو پنگ بھی موجودہیں
کیپشن فوٹو002: قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس اور سیچوان جیولاجیکل انجینئرنگ گروپ کے جنرل منیجر لی کیوئی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد دستاویزات کا تبادلہ کر رہے ہیں ،اس موقع پر سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی سجاد سرور، گلگت چیمبر کے صدر مشتاق احمد، غذر چیمبر کے صدر شیر نبی ، سکردو چیمبر کے صدر عارف ملک سمیت سیچوان جیولاجیکل انجینئرنگ گروپ کی چوآنگ گوانگ جیولاجی اینڈ منرل کو پرائیویٹ لمیٹیڈ پاکستان کے عہدیداران لی سونگ، ونگنگ ژائواور لیو پنگ بھی موجودہیں