چوتھی لہر کا آغاز ہوچکا ،اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 8 فیصد رہی،میڈیا بریفنگ

بھارتی ویرینٹ کا پھیلائوتیزی سے بڑھ رہا ہے، خدارا ماسک لازمی پہنیں، ڈاکٹرفیصل سلطان

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کے بعد کورونا کا خطرہ کم ہوگا، کورونا کی بھارتی قسم تیزی سے پھیلتی ہے، عید کی چھٹیوں میں احتیاط کی زیادہ ضرورت ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کورونا کی بھارتی قسم تیزی سے پھیلتی ہے، عید کی چھٹیوں میں احتیاط کی زیادہ ضرورت ہے، جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی وہ سیاحتی مقامات پر نہ جائیں، ویکسی نیشن نہ کرانیوالوں کو سیاحتی مقامات پر دشواری ہوسکتی ہے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ 4دنوں سے یومیہ ویکسی نیشن کی تعداد 5لاکھ سے زیادہ ہے، ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والوں میں 9ہزار 917کیسز سامنے آئے، پاکستان میں 2 کروڑ 21لاکھ ویکسین کی خوراکیں لگ چکی ہیں، ویکسین نہ لگوانے والوں کو ویکسین لگوانے والوں کی نسبت کورونا ہونے کا 7 گنازیادہ خطرہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں ایک دن میں ویکسی نیشن کی تعداد 5 لاکھ ہے، اعداد و شمار کے مطابق ویکسی نیشن لگوانے سے واضح فرق آیا ہے، ویکسی نیشن کے بعد کورونا کا خطرہ کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 3فروری سے اب تک ہمارے پاس 4لاکھ 9ہزار کیسز آئے ، ہمیں حفاظتی تدابیر پر عمل بھی کرنا ہے اور ویکسین بھی لگوانی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کی ایک ڈوز سے بھی آپ محفوظ ہیں، جن کو ویکسی نیشن کے بعد کورونا ہوجاتا ہے وہ خطرے سے کافی حد تک محفوظ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کا آغاز ہوچکا ہے ،اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 8 فیصد رہی۔وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہاکہ روزانہ ڈھائی ہزار کے قریب کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں، بھارتی ویرینٹ کا پھیلائوتیزی سے بڑھ رہا ہے، خدارا ماسک لازمی پہنیں۔انہوں نے کہا کہ زیادہ پریشانی کی بات اس کا ہمارے صحت کے نظام پر اثرات ہوتے ہیں، دوسری لہر میں تقریبا 500لوگ کی حالت نازک تھی، تیسری لہر میں 1500اور اب 2500کے قریب افراد کو انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے ۔