لاہور (ویب ڈیسک)
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہآزاد کشمیر الیکشن میں جیت شفافیت ،دیانتداری کی فتح ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں آزاد کشمیر الیکشن میں کامیابی پرتحریک انصاف کے امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے وزیر اعظم عمران خان کی سچی اور ایماندار قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، آزاد کشمیر الیکشن میں جیت شفافیت اور دیانتداری کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں بھی عوام نے چوروں اور لٹیروں کی منفی سیاست کومسترد کر دیا ہے، مخالف جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے کو عبرتناک شکست ہوئی ، آزاد کشمیر کے عوام نے کرپشن زدہ عناصر کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت اورپالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں، ثابت ہو گیا کہ کشمیری عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اب تک کی شاندار کارکردگی کی بدولت آزاد کشمیر کے عوام میں سرخرو کیا ہے، کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نتائج مخالف جماعتوں کے لیے نوشتہ دیوار ہے، مخالف جماعتوں کو شور مچانے کی بجائے جمہوری اقدار کا ثبوت دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جہاں جیت گئے وہ ٹھیک، جہاں ہار گئے وہاں دھاندلی، یہ روش اب نہیں چلے گی، آزاد کشمیر میں جمہوری روایات کا علم بلند ہوا ، اپوزیشن کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے اور وہ 2023 تک روتے ہی رہیں گے۔