اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے  مطابق افغان فوج کے 5 افسروں سمیت 46 جوانوں کو پاکستان میں پناہ اور محفوظ راستہ دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغان فوجی چترال میں ارندو سیکٹر میں رات گئے پہنچے تھے، افغان فوج کے 5 افسروں سمیت 46 جوانوں کوپاکستان میں پناہ اورمحفوظ راستہ دیا گیا۔

افغان نیشنل آرمی کے لوکل کمانڈر نے ارندو سیکٹر چترال میں پاک فوج سے پناہ کی درخواست کی تھی، افغانستان سے پناہ کی درخواست کرنے والوں میں بارڈر پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے افغان حکام سے معلومات اور دیگر ضروری اقدامات کیلئے رابطہ کیا، افغان فوجیوں کو کھانا، پناہ اور طبی امداد دی گئی،  افغان فوجیوں کو ضروری طریقہ کار کے بعد افغان حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔

اس سے قبل یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے محفوظ راستے کی درخواست کی تھی، پاکستان نےاس وقت بھی پناہ اورمحفوظ راستہ دینے کے بعد افغان فوجیوں کوافغان حکام کےحوالے کیا۔