اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بندرگاہیں سی پیک کے ذریعے اہم تجارتی راستوں کی بنیاد رکھیں گی۔ وزیر اعظم عمران خان سے مشیرتجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو ازبکستان دورے کے بعد باہمی تعاون و تجارت کے معاہدوں پر پیش رفت اور سرمایہ کاروں کی طرف سے مثبت نتائج کی پیش گوئی سے آگاہ کیا۔مشیرتجارت نے وزیر اعظم کو باقی وسطی ایشیائی ریاستوں، بالخصوص تاجکستان کے متوقع دورے کی حکمت عملی اور اس سے سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے حاصل ہونے والے نتائج سے بھی آگاہ کیااور رواں ہفتے سرمایہ کاری بورڈ کے اجلاس اور رواں ماہ مختلف چیمبرز آف کامرس کے متوقع اجلاس اور اس کی حکمتِ اعملی پر بھی بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات کے استحکام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بشمول ان ریاستوں کے خطے بھر کو سمندر تک رسائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مستقبل قریب میں پاکستان کی بندرگاہیں سی پیک کے ذریعے اہم تجارتی راستوں کی بنیاد رکھیں گی۔ وزیر اعظم نے وزارت تجارت اور سرمایہ کاری بورڈ کی تاریخ میں پہلی دفعہ وسطی ایشیائی ریاستوں سے تجارتی تعلقات بڑھانے کو ترجیح دینے کی کوششوں کو سراہا۔