مظفرآباد (ویب ڈیسک)

چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس(ر) عبدالرشید سلہریا نے کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی45نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں سے44نشستوں کے رزلٹ آچکے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کی25، پاکستان پیپلز پارٹی آزادجموں وکشمیر کی11،پاکستان مسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر کی6، جموں وکشمیر پیپلزپارٹی کی1اورآل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی1نشست ہے جبکہ ایل اے 16 باغ3 کی نشست پر 4پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی جس کے بعد نتائج جاری کیے جائیں گے۔عام انتخابات میںکل32لاکھ20ہزار793ووٹرز میں سے 19لاکھ92ہزار261ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس میں سے صرف17ہزار943ووٹ مسترد ہوئے ۔ اس طرح ٹرن آئوٹ62فیصد رہا ہے ۔ الیکشن کے انعقاد میں میڈیا بالخصوص محکمہ اطلاعات کا تعاون مثالی رہا جس پر ان کے شکرگزار ہیں ۔امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد میں پاک فوج ، سول آرمڈ سروسز ، انتظامیہ ، عدلیہ نے بھرپورکردار ادا کیا۔ مظفرآباد میں ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر اور ڈائریکٹرجنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر عبدالرشید سلہریا نے کہاکہ ابھی تک کسی بھی پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے حوالہ سے کوئی بھی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ کسی بھی حلقہ کے رزلٹ نہیں روکے گئے، دوردراز علاقوں سے رزلٹ ریٹرننگ آفیسران کے پاس پہنچنے میں وقت لگتا ہے تاہم ان علاقوں میں ہر پولنگ سٹیشن پر پولنگ کے اختتام پر متعلقہ پریزائڈنگ آفیسر ز نے نتائج کا اعلان کر دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ کل ہونے والے عام انتخابات میں 17لاکھ52ہزار788مرد ووٹرز جبکہ14لاکھ68ہزار5خواتین ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہا کہ باغ ایل اے 16کی نشست پرچار پولنگ اسٹیشنز پر 29جولائی سے قبل پولنگ کروانے کی کوشش کریںگے ، ہماری کوشش ہے کہ ٹیکنو کریٹ ، علماء مشائخ اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر بھی29جولائی سے قبل انتخابات کروائیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں فرحت علی میر نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کے انتخابات میں انٹرنیشنل آبزرور کا قانون نہیں تھا اس لیے ہم نے انہیں Inviteنہیں کیا تاہم اگر کوئی یہاں آیا ہے تو اسے روکا نہیں گیا۔ پریس کانفرنس میں کل نیلم لیسوا میں دوران ڈیوٹی پاک فوج کے گاڑی حادثہ میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔