نئی دہلی (ویب ڈیسک)
بھارتی حکام نے انکشاف کیاہے کہ مشرقی لداخ کے ڈیمچوک علاقے میں چین نے مختلف مقامات پر اپنے ٹینٹ نصب کر لیے ہیں۔ اس علاقے میں کشیدگی ختم کرنے کے لیے فریقین میں کئی ماہ سے بات چیت تک نہیں ہوئی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں بعض سینیئر حکام نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ مشرقی لداخ کے ڈیمچوک علاقے میں چارڈنگ نالے کے آس پاس چین نے مبینہ ان علاقوں میں اپنے خیمے نصب کر لیے ہیں، جو کچھ وقت پہلے تک بھارت کے کنٹرول میں ہوا کرتے تھے۔ بھارتی اخبار دی انڈین ایکسپریس نے بغیر نام لیے بعض سینیئر حکومتی افسروں کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان، خیموں میں بعض نام نہاد عام شہری قبضہ کیے بیٹھے ہیں۔ بھارت نے کئی بار چین سے ان علاقوں کو خالی کرنے کو کہا ہے تاہم، ان کی مستقل موجودگی برقرار ہے۔سن انیس سو نوے میں بھارت اور چین کے درمیان جب سرحدی علاقوں سے متعلق جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا تھا، اس وقت بھی فریقین نے ڈیمچوک اور ٹرگ چوٹیوں کو متنازعہ علاقہ قرار دیا تھا۔ تاہم جس علاقے میں اس وقت چینی ٹینٹ نصب ہیں، اس پر پہلے بھارت کا کنٹرول تھا۔بھارت میں دفاعی ماہرین کے مطابق گزشتہ برس مئی میں فریقین کے درمیان زبردست کشیدگی کے ماحول میں چینی فوج نے، دریائے گلوان کی وادی، میدانی علاقے ڈیپسنگ، پیونگانگ سو جھیل، ہاٹ اسپرنگ اور گوگرا جیسے متعدد علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس وقت سے سرحدی علاقوں میں حالات کشیدہ رہے ہیں۔اس کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے بھارت اور چین کے فوجی افسران کے درمیان اب تک بات چیت کے گیارہ دور ہو چکے ہیں تاہم ان کے کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوئے ہیں۔ چین نے چھبیس جولائی پیر کے روز کور کمانڈر کی سطح پر بارہویں دور کی بات چیت کی تجویز پیش کی تھی تاکہ بعض متنازعہ علاقوں پر پھر سے بات ہو سکے تاہم بھارت چونکہ آج کارگل جنگ کی برسی منا رہا ہے، اس لیے اس نے اسے موخر کرنے کی اپیل کی تھی۔اطلاعات کے مطابق بھارتی فوجی حکام نے چند روز کی تاخیر کی گزارش کی تھی اس لیے امید ہے کہ اب اگست کے پہلے ہفتے میں یا اس سے پہلے بھی بات چیت ہو سکتی ہے۔ آخری بار دونوں کے درمیان یہ بات چیت رواں برس اپریل کے مہینے میں ہوئی تھی۔بھارتی حکام کے مطابق مشرقی لداخ میں اب گزشتہ برس کی طرح ویسی شدید کشیدگی نہیں ہے تاہم اس پیچیدہ صورت کے حال میں تاخیر کی اہم وجہ دونوں میں باہمی اعتماد کی کمی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب بھی فریقین نے اپنی اپنی جانب تقریبا پچاس ہزار کے قریب فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق چین اپنی جانب کے فوجیوں کو تبدیل بھی کرتا رہا ہے اور وہ مشرقی لداخ میں، فوجیوں کی رہائش گاہوں کی تعمیر، اسلحہ ذخیرہ کرنے اور توپ خانوں کی پوزیشنیں مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ بہت تیزی سے عسکری ڈھانچے تعمیر کر رہا ہے۔ اس دوران بھارت نے بھی خطے میں دفاعی نکتہ نظر سے اہم ساز و سامان کو بہتر کرنے کی کوشش کی ہے اور لداخ میں نئے ہتھیار پہنچائے ہیں۔ گزشتہ برس اگست اور ستمبر کے مہینے میں اسی علاقے میں برسوں بعد وارننگ شاٹس بھی فائرکیے گئے تھے۔ تاہم اس دوران سفارتی اور فوجی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد کشیدگی میں کچھ کمی آئی ہے۔ بات چیت کا نتیجہ یہ ہوا کہ اس برس فروری میں فریقین نے پیونگانگ سو جھیل سے پیچھے ہٹنے پر اتفاق کیا تھا اور اس پر عمل ہوا تاہم باقی دیگر علاقوں میں اب بھی حالات جوں کے توں برقرار ہیں۔بھارت اور چین میں شمال مشرقی علاقے سکم سے لے کر مشرقی لداخ تک تقریبا تین ہزار کلو میٹر کی مشترکہ سرحد ہے۔ بیشتر علاقے میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول قائم ہے اور دونوں کے درمیان طویل سرحدی تنازعہ بھی ہے۔ ایل اے سی پر تنازعے کی وجہ سے ہی دونوں کے درمیان گزشتہ ایک برس سے بھی زیادہ وقت سے مشرقی لداخ میں کشیدگی کا ماحول ہے۔گزشتہ برس پندرہ جون کی درمیانی شب مشرقی لداخ کی وادی گلوان میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان خونریز جھڑپیں ہوئی تھیں، جن میں بھارت کے کم سے کم بیس اور چین کے چار فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت کا موقف ہے کہ ایل اے سی پر گزشتہ برس اپریل تک جو پوزیشن تھی، اس کو بحال کیا جائے اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے دونوں ملکوں کی فوجوں کو پہلے کی پوزیشن پر واپس چلے جانا چاہیے۔بھارت میں اس پر کافی تشویش پائی جاتی ہے تاہم حکومت کا رویہ محتاط ہے اور ابھی تک سفارتی یا پھر فوجی سطح پر اس کے خلاف کسی بیان بازی سے گریز کیا جاتا رہا ہے۔