وزیر داخلہ امیت شاہ کا آسام اور میزورام کے وزرائے اعلی ہمانٹا بِسوا سرما اور زورمیتھنگا سے رابطہ، مسئلے کا ایک دوستانہ حل تلاش کر نے پر زور

نئی دہلی (ویب ڈیسک)

بھارت میں دو ریاستوں کی پولیس نے ایک دوسرے پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار ہلاک جبکہ 50سے زائد زخمی ہوگئے۔یہ غیر معمولی واقعہ بھارت کی ریاست آسام اور میزورام کی پولیس کے درمیان سرحدی تنازعے کے معاملے پر پیش آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ دونوں ریاستوں کے مابین طویل عرصے سے جاری سرحدی تنازعے کے معاملے کے پیش نظر آیا۔فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کا تعلق دونوں ریاستوں سے ہے جبکہ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق آسام سے ہے۔آسام کی میزورام کے ساتھ 164 کلومیٹر طویل سرحد لگتی ہے اور دونوں ریاستوں کے درمیان سرحدی حد بندی کے معاملے پر طویل عرصے سے تنائو جاری ہے۔لیکن یہ پہلا موقع ہے جب دونوں ریاستوں کی پولیس کے درمیان براہ راست فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔بھارت کی وفاقی حکومت 1994 سے ریاستوں کے مابین سرحدی حد بندی کے معاملات حل کرنے کے لیے صلح کروانے کی کوششیں کر رہی ہے لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوپائی ہے۔دوسری جانب وزیر داخلہ امیت شاہ نے آسام اور میزورام کے وزرائے اعلی ہمانٹا بِسوا سرما اور زورمیتھنگا سے رابطہ کرکے ان پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کا ایک دوستانہ حل تلاش کرکے متنازعہ سرحد پر امن کو یقینی بنائیں۔دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلی سمیت دونوں اطراف کے دیگر عہدیداروں نے ایک دوسرے پر تشدد کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔