آزاد کشمیر انتخابات بارے بیان مسترد ، بھارتی ناظم الاموردفتر خارجہ طلب

بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی قبضے کے حقائق چھپا نہیں سکتا، پاکستان

 بھارت اپنے گھنائونے ڈیزائن کی تکمیل کی خاطر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی

آزاد کشمیر کے عوام آزادانہ انتخابات سے مستفید ہو رہے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (ویب  نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی قبضے کے حقائق چھپا نہیں سکتا۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی دفترخارجہ کی جانب سے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے بیان پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا، اور پاکستان نے بھارتی دفتر خارجہ کے الزامات مسترد کر دیئے۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بھارتی ناظم الامور کو بتایا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات سے متعلق بھارتی بیان حقائق کے منافی ہے، آزاد کشمیر کے عوام آزادانہ انتخابات سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر بھارتی قبضے میں خون میں نہایا ہوا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف ایک مرتبہ پھر واضح کیا گیا، اور کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی قبضے کے حقائق چھپا نہیں سکتا، بھارت نے اپنے گھنائونے ڈیزائن کی تکمیل کی خاطر مقبوضہ کشمیر میں دہائیوں سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی۔