آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے فیصلے اگست کے دوسرے ہفتے تک کرلئے جائیں گے،چوہدری فواد حسین
وزیراعظم ہائوس آزاد کشمیر میں بیٹھ کر وزیراعظم دھاندلی کا رونا رورہے ہیں
وفاقی کابینہ نے ذرائع ابلاغ بشمول ڈیجیٹل میڈیا کیلئے اشتہاری پالیسی کی منظوری دیدی، پاکستان کی پہلی نیشنل سائبر سیکورٹی پالیسی، اسپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری  پاکستان پر ہونے والے جاسوس حملے کی تحقیقات کیلئے ماہرین کی فہرست مرتب کی جارہی ہے، رپورٹ اقوام متحدہ کو پیش کی جائے گی
کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل فون کی سمز بلاک کرنے  کا جائزہ لیا جاسکتا ہے ،فاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

اسلام آباد(ویب  نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات  چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے فیصلے اگست کے دوسرے ہفتے تک کرلئے جائیں گے، وزیراعظم ہائوس آزاد کشمیر میں بیٹھ کر وزیراعظم دھاندلی کا رونا رورہے ہیں، کابینہ نے  ذرائع ابلاغ بشمول ڈیجیٹل میڈیا کیلئے اشتہاری پالیسی کی منظوری دیدی ہے، پاکستان کی پہلی نیشنل سائبر سیکورٹی پالیسی، اسپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دیدی گئی ہے،پاکستان پر ہونے والے جاسوس حملے کی تحقیقات کیلئے ماہرین کی فہرست مرتب کی جارہی ہے، رپورٹ اقوام متحدہ کو پیش کی جائے گی، کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل فون کی سمز بلاک کرنے  کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے  منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے  حکومت اور عدلیہ کی سیکورٹی پر آنے والے  اخراجات کی تفصیلات پیش کردی ہیں۔ عدلیہ کی سیکورٹی پر حکومت سے زیادہ  بھاری اخراجات آرہے ہیں۔ کابینہ کا اجلاس  وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں آزاد کشمیر کے انتخابات  کے دوران چار فوجی جوانوں اورسیاسی کارکنوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے  دعا کی گئی۔ کابینہ نے قرار دیا ہے کہ آزاد کشمیر میں صاف شفاف انتخابات ہوئے اور آزاد کشمیر کے عوام نے  حکومت پاکستان کی پالیسی کی توثیق کردی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ آزاد کشمیر کے  وزیراعظم ہائوس میں بیٹھ کر وہ شخص  رو رہا تھا اور دھاندلی کے الزامات عائد کررہا تھا جو خود وزیرا عظم ہیں ، پولیس، انتظامیہ اس کے ماتحت ہے اپنی حکومت ہے، خود الیکشن کمیشن تشکیل دیا، پھر دھاندلی کہاں سے ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اسی لئے چاہتی ہے کہ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف  حکومت کی پالیسیوں پر آزاد کشمیر کے عوام نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس کی توثیق کردی ہے۔ وزیراعظم نے  ہدایت کی ہے کہ آزاد کشمیر میں جو لوگ جاں بحق ہوئے ان کے خاندانوں کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور ملزمان کو گرفتار ہونا چاہیے  وزیراعظم نے آزادکشمیر  واقعہ کی فوری تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہیک ۔ انہوں نے بتایا کہ  حکومتی پروٹوکول اور عدلیہ پر سیکورٹی اخراجات کی تفصیلی رپورٹ کابینہ میں پیش کردی گئی ہے۔ کابینہ  پر سب سے کم  اور عدلیہ پر سب سے زیادہ اخراجات ہورہے ہیں ۔ اسلام آباد  میں صدر، وزیراعظم، گورنر، وزرائے اعلیٰ، مشیروں ،معاونین خصوصی کی سیکورٹی کیلئے پولیس کے 762 اہلکار تعینات ہیں جن پر70 کروڑ کے اخراجات آرہے ہیں اور 14 رینجرز بھی تعینات ہیں۔ عدلیہ پر اسلام آباد پولیس کے 373اہلکار تعینات ہیں  اور 287 ملین  روپے کے اخراجات آرہے ہیں۔ پنجاب میں سکیورٹی انتظامات پر 2529ملین ، خیبرپختونخوا میں 998 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں.بلوچستان کے علاوہ  باقی تین صوبوں میں عدلیہ کی سکیورٹی پر 1400 ملین روپے خرچ ہورہے ہیں۔وزیراعظم نے سکیورٹی اخراجات میں اضافے کے پیش نظرنیا سکیورٹی نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔نیا سکیورٹی نظام وضع کرنے کیلئے تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائیگی، چوہدری فوادحسین نے کہا کہ کابینہ کو انتخابی اصلاحات میں پیشرفت سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ نیب قانون سے متعلق بھی اپوزیشن کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں۔ کابینہ کو ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے  میں حائل  مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا گیاوفاقی کابینہ نے کاروبار شروع کرنے میں آسانی کیلئے فرسودہ قوانین کیخاتمے کیلئے سرمایہ کاری بورڈ کو اختیاردیاہے ۔وفاقی کابینہ نے جمہوریہ چیک کے ساتھ دوہری شہریت رکھنے کی منظوری دی ہے ۔پہلی  قومی سائبر سکیورٹی پالیسی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے تمام نجی چینلزکے بقایاجات ادا کردیئے ہیں۔ افسوس ہے کہ پھر بھی بعض میڈیا مالکان اپنے ورکرز کو  تنخواہیں ادا نہیں کررہے، چوہدری فواد نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ کی منظوری دی گئی ہے۔ پہلی بار پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو پیپرلیس کرکے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا ہے ۔کابینہ نے شعبہ آئی ٹی میں سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دی ہے۔ اگست  میں بڑے شہروں کی 40 فیصد آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا   تھا۔ہدف کے مقابلے میں ویکسین لگانے کی شرح اب بھی کم ہے۔ وزارتوں  کے ملازمین کیلئے ویکسین لگوانا لازمی قراردیا جارہا ہے ۔اگر رضاکارانہ طور پر ویکسین لگانے کی شرح میں اضافہ نہ ہوا تو ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بندکرنے کا آپشن کھلا ہے ۔الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی تعطل نہیں ہے ۔  سرکاری  ایڈورٹائزمنٹ پالیسی  2021کی منظوری  بھی دی گئی ہے ۔کابینہ نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔ پاکستان لوگوں کیلئے انتہائی محفوظ ملک ہے ، ترقی یافتہ ممالک میں جرائم کی شرح زیادہ ہے ۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ٹیکس گزاروں کے پیسوں کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوام کو اعتماد ہونا چاہئے کہ انکے ٹیکس کے پیسے جائز استعمال ہورہے ہیں ۔کابینہ نے بیرون ممالک کیساتھ سرمایہ کاری سے متعلق معاہدوں کے نئے فریم ورک اور حکمت عملی کی منظوری بھی  دی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق اشتہاری پالیسی میں اس لئے بھی سیاسی مداخلت نہیں ہوسکے گی کیونکہ اس میڈیا میں ویوز کی بنیاد پر ادائیگی ہوتی ہے۔ سب سے صاف شفاف اسی میڈیا میں ادائیگی ہوتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نیوز ایجنسیوں کی گرانٹ کی بحالی  سے متعلق معاملے کا اشتہاری پالیسی  میں جائزہ لیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں  انہوں نے کہاکہ پاکستان پر  بھارتی جاسوس حملے کی تحقیقات کیلئے  ماہرین کی فہرست کو حتمی شکل دی جارہی ہے رپورٹ  اقوام متحدہ میں پیش کی جائے گی۔ نور مقدم قتل کیس کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی اس لئے بھی ضرورت نہیں ہے کہ تمام ملزمان  جیل میں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اگست کے دوسرے ہفتے تک آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا فیصلہ کرلیں گے۔ نسیم حسین اور غلام شبیر کو برطانیہ کے حوالے کرنے سے متعلق سمری کو موخر کردیا گیا ہے۔
#/S