لاہور (ویب ڈیسک)
آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک شرح سود کو7فیصد کی سطح پر بر قرار رکھنے کی بجائے اس میں مزید کچھ پوائنٹس کمی لائے تاکہ مقامی سطح پر سرمائے کی قلت کا خاتمہ ہو سکے ،آمدن کے تناسب کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح بڑھنے سے عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جارہی ہے جس سے ہر طرح کے کاروبار میں مندی کا رجحان ہے ۔ اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف بھٹی نے کہا کہ بلا شبہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود کو نیچے لا کر ایک سطح پر بر قرار رکھا گیا ہے لیکن موجودہ حالات میں اس میں مزید کچھ پوائنٹس کمی ناگزیر ہے تاکہ مقامی سطح پر سرمائے کی قلت کا خاتمہ ہو جس سے معاشی سر گرمیاں عروج حاصل کریں گی ۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ادارے مقامی سرمایہ کاروں میں خوف و ہراس پھیلاتے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ کچھ سالوں سے سرمایہ کاری میں کمی کا رجحا ن دیکھا جارہا ہے ۔ انہوںنے مزیدکہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ مہنگائی کی شرح کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے کیونکہ آمدن میں کمی اور مہنگائی بڑھنے کے باعث عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے جس کے ہر طرح کے کاروبار پرمنفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔