فیصل آباد  (ویب ڈیسک)

چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت پنجاب کے پہلے میگا پراجیکٹ سٹیٹ آف دی آرٹ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے بدھ کو یہاں برآمد کنندگان اور سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اس منصوبے کی ڈویلپمنٹ کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور وفاقی وزیر حماد اظہر، مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود اور وزیر صنعت پنجاب میاں محمد اسلم اقبال کو ہدایت کی ہے کہ گیس، بجلی، سڑکیں، سوک سنٹر وغیرہ جیسے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 20 صنعتی یونٹوں نے اپنی پیداوار شروع کردی ہے جو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے پہلے مرحلے کی ایک تہائی اراضی پر محیط ہے جبکہ باقی حصہ سال کے اختتام تک اس پر فعال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے وقت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ تمام سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولت فراہم کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 3300 ایکڑ اراضی پر پھیلے اس منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جارہا ہے جس میں فرنیچر سٹی ، گارمنٹس پارک ، جدید کاروباری مرکز اور مقامی اور غیر ملکی خریداروں کو راغب کرنے کے لئے پاکستان میڈ مصنوعات کی نمائش کے لئے بڑا ایکسپو سینٹر شامل ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ صنعتی پلاٹس برآمدی صنعتوں، درآمدی صنعتوں کے متبادل انڈسٹری اور مقامی صنعتوں کی ری لوکیشن کے لئے  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی شفاف پالیسی کے مطابق الاٹ کئے جارہے ہیں۔ میاں کاشف نے کہا کہ انہوں نے گذشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کی، وزیر اعظم ملک کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں اور قومی معیشت کو مستحکم کرنے اور صنعتی پیداوار کو فروغ دینے کے لئے غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو بہترین مراعاتی پیکیج دینے کے لئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے وزیر اعظم 500 میگا واٹ گرڈ اسٹیشن اور 40 ایم ایم سی ایف گیس کی منظوری دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کی تکمیل پر اب تک 7.5 بلین روپے خرچ ہوچکے ہیں۔