آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے
سب متحد ہیں، فیصلوں کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دیا ہے۔بیرسٹر سلطان

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی وزارت عظمی کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلیے۔کشمیر کی وزارت عظمی کا تاج کس کے سر سجے گا ، آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے مشاورتی عمل شروع کردیا۔ عمران خان نے آزاد کشمیر کے 4 نومنتخب ارکان اسمبلی کو بلایا۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، سینئر رہنما خواجہ فاروق، تنویر الیاس اور اظہر صادق نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقات کی۔وزیراعظم نے ہر امیدوار سے پندرہ پندرہ منٹ کی ملاقات کی اور مختلف سوالات کیے۔ انہوں نے امیدواروں سے سیاحت، پن بجلی، معدنیات، صحت ، تعلیم و ترقیاتی کاموں سے متعلق ویژن دریافت کیا۔ چاروں امیدواروں نے آزاد کشمیر سے متعلق اپنی اپنی ترجیحات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں علی امین گنڈاپور سمیت وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے بعدتحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کوئی نمبر گیمز نہیں، سب متحد ہیں، فیصلوں کا اختیار وزیراعظم عمران خان کو دیا ہے۔چودھری تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ خصوصی نشستوں پر پارٹی میں مشاورت جاری ہے۔ سپیکر، ڈپٹی سپیکر سمیت دیگر عہدوں کا انتخاب ہونا ہے۔ پارٹی چیئرمین جو ذمہ داریاں دیں گے، اسے پورا کریں گے۔خواجہ فاروق کا کہنا تھا کہ پارٹی چیئرمین سے مختلف امور اور خصوصی نشستوں پر مشاورت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت سمیت دیگر شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ خواہش ہے وزیراعظم عمران خان 5 اگست کو قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں،آزاد کشمیر کی صدارت ، وزرات عظمی ، اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور کابینہ کے حوالے سے عمران خان مزید مشاورت کریں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مسلسل نویں مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ وہ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ اگلے وزیراعظم کیلیے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار تنویر الیاس میں بھی سخت مقابلہ ہے۔وفاقی وزرا اپنی پریس کانفرنس میں پہلے ہی بتاچکے ہیں کہ آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔واضح رہیکہ تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں 25 نشستیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کی ہے۔ پیپلزپارٹی 11 نشستیں لے کر دوسرے اور(ن) لیگ 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔