اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کشمیر پریمیئر لیگ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی دخل اندازی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ مودی حکومت نے کرکٹ کو مذموم سیاست کی بھینٹ چڑھایا ہو۔کشمیر پریمیئر لیگ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی دخل اندازی پر فواد چوہدری نے کہا کہ ہرشل گبز پر کشمیر لیگ میں حصہ نہ لینے کے لئے دبائو اس پرانی روش کاتسلسل ہے۔انہوں نے بھارتی بورڈ کے ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد کو ایسے اقدامات سے نقصان نہیں فائدہ ہی ہو گا۔کشمیر پریمیئر لیگ کے مظفرآباد میں انعقاد پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے بوکھلاہٹ میں فوری طور پر انگلش اور افریقن کرکٹ بورڈ حکام سے رابطہ کیا۔کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل)میں شرکت کرنے والے جنوبی افریقی کرکٹر ہرشل گبز نے بھی سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے بتایا کہ کے پی ایل کھیلنے سے روکنے کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ انہیں دھمکیاں دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی غیرضروری طور پر پاکستان کے ساتھ اپنا سیاسی ایجنڈا بیچ میں لارہاہے اور مجھے کے پی ایل ٹی ٹوئنٹی میں کھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں 6 اگست سے کے پی ایل کا آغاز ہو گا ۔