اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے، وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک افیئر تعینات کر دیا ۔وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک افیرزتعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔ خالد منصور خوش آمدید اور اللہ آپکا حامی و ناصر ہو۔دوسری طرف پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ میں اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے اہم ادارے کو مستقبل کے سمت کا تعین کرتے ہوئے تمام سی پیک منصوبوں کے لیے ونڈو کے طور پر اٹھانے اور چلانے کا موقع دیا۔ یہ سب کچھ وزیراعظم عمران خان اور انکی حکومت کے مکمل اعتماد اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ سی پیک کی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا، میری نیک خواہشات خالد منصور کیلئے ہیں جو اسے آگے لے جانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ سی پیک پاکستان کے لیے لائف لائن ہے، یہ ہمیں ترقی یافتہ اور مکمل طور پر ترقی یافتہ ملک میں بدل دے گا انشا اللہ،ادھر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ میں سی پیک کو آگے بڑھانے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک )کے دوسرے مرحلے میں منتقلی کے ساتھ اہم منصوبے کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں کردار ادا کرنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا شکر گزار ہوں۔ ان کی لگن اور عزم بڑی طاقت اور حمایت کا ذریعہ تھا۔ایک اور ٹویٹ  میں انہوں نے لکھا کہ خالد منصور کو سی پیک افیئر کا معاون خصوصی بننے پر خوش آمدید کہتا ہوں۔